چنچل عافیہ
کلیم چغتائی
…..
شوخ اور چنچل ہیں بیٹی عافیہ
ہر گھڑی بے کل ہیں بیٹی عافیہ
ماشاءاللہ بھولی بھالی شکل ہے
ویسے بھیجے میں تو خاصی عقل ہے
چاہتی ہیں کام ہر اک خود کریں
کام کوئی ہو، نہ ہرگز یہ ڈریں
ان کی زد سے کوئی شے باہر نہیں
تھی جو الماری میں ، اب اندر نہیں
پھینکنا سارے کھلونے ہے پسند
چاہے وہ رکّھے ہوں کتنے ہی بلند
کاپیوں پر آڑی ترچھی لائنیں
موقع ملتے ہی یہ فوراََ ڈال دیں
اس طرح لکھنے کا ان کو شوق ہے
پھاڑ دینے کا کتابیں، ذوق ہے
کھا تو لیتی ہیں یہ بسکٹ، کیک بھی
چھوڑتی پاپڑ نہیں ہیں ایک بھی
بچوں کی نظمیں سناتی ہیں کئی
کچھ پرانی اور کچھ بالکل نئی
شرط یہ ہے موڈ ان کا ہو بھلا
ورنہ پھر انکار ہوگا برملا
چمچے سے برتن بجاتی خوب ہیں
گھر کو یوں سر پر اٗٹھاتی خوب ہیں
ان کی کووں سے ہوئی ہے دوستی
دیتی ہیں ان کو یہ روٹی روغنی
بابا کہتے ہیں انہیں تو “گومبو”
شاید افریقی زباں کا لفظ ہو !
ام٘اں ان کی سب ضدیں پوری کریں
گھر میں رہ کر گویا مزدوری کریں!
بھائی اور آپی سے لڑتی روز ہیں
لینے موبائل، بگڑتی روز ہیں
شام کو دادا گھماتے ہیں انہیں
چیز بھی دادا دلاتے ہیں انہیں
لیتی ہیں سب کی دعائیں روز و شب
رحمتوں ہی سے نوازے ان کو رب
Facebook Comments

