افریقی سرمئی طوطا
کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
باتیں کرنے کی ہے مشین
بہت زیادہ ہے یہ ذہین
نام اِس کا ہم نے رک٘ھا
افریقی سُرمئی طوطا
انگریزی میں بولیں جھٹ
افریکن گِرے پیرٹ
اِس کے رہنے کا خطہ
غربی، وسطی افریقہ
چونچ اِس کی تو کالی ہے
دُم میں اِس کی لالی ہے
چونچ سے توڑے یہ اخروٹ
دشمن کو دے جائے چوٹ
چونچ اکثر گِھس جاتی ہے
لیکن پھر بڑھ آتی ہے
نیند اپنی یہ پُوری لے
سوتا ہے بارہ گھنٹے
نیند نہ پُوری ہونے پر
نوچے ہے یہ اپنے پر
غص٘ے میں آجاتا ہے
پھر تو شور مچاتا ہے
جوڑا جو یہ بناتا ہے
اِس کا ساتھ نبھاتا ہے
دُور تلک فوراً دیکھے
ہلکی آوازیں سُن لے
جو انساں اِس کو پالے
پیار محبت اِس کو دے
اس سے یہ جُڑ جائے پھر
اپنا پیار دِکھائے پھر
جب نہ توجہ پاتا ہے
پھر فوراً چِڑ جاتا ہے
کھاتا ہے پھل اور میوے
پت٘ے، بیج، کبھی کیڑے
تیز اور سیدھا اُڑتا ہے
اور اچانک مُڑتا ہے
رہ لے اونچے پیڑوں میں
اُن کے بڑے سوراخوں میں
گھر میں بناتا ہے بستر
ڈالے ریشے، چھال اُس پر
شاخ کو پنجوں سے پکڑے
بیٹھے بیٹھے سو جائے
جو کچھ انساں سے سُن لے
رَٹ لے فوراً دہرائے
جرمن ہو یا انگریزی
عربی، اردو یا ہندی
چھینکے یا کوئی کھانسے
ہنس دے یا کتا بھونکے
ہارن بجے ، بل٘ی بولے
سب آوازیں دہرائے
رنگوں کو بھی پہچانے
چیزوں کی گنتی کرلے
سُتھرا رہنا یہ چاہے
روز پروں کو صاف کرے
بارش ہو تو نہاتا ہے
پر اپنے پھیلاتا ہے
دو فٹ کی لمبائی ہے
آدھ کلو یہ وزنی ہے
عمر یہ لمبی پاتا ہے
ساٹھ برس جی جاتا ہے
رب نے ہم کو ہے بخشا
افریقی سُرمئی طوطا
Facebook Comments

