محنت میں برکت ہے
خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔۔۔
| نبی مکرم دلوں کا قرار |
| درودوسلام ان پہ ہوں بے شمار |
| ہمارے نبی کا ہے یہ واقعہ |
| غریب ان کے پاس ایک حاضر ہوا |
| کہا:اے نبی!اے خدا کے حبیب |
| میں مفلس ہوں،نادارہوں اور غریب |
| مصیبت کا،غربت کا مارا ہوں میں |
| کرم کیجیے،بے سہارا ہوں میں |
| مرے چھوٹے بچے ہیں،بیوی بھی ہے |
| مگر کچھ نہیں گھر میں کھانے کی شے |
| مرے حال پر رحم فرمایئے |
| خزانے سے کچھ مال دلوائیے |
| نبی یہ نے فرمایا:اے خوش خصال |
| مناسب نہیں پھیلے دست سوال |
| کرے اپنے ہاتھوں سے گرکام کاج |
| یقین ہے خدا تیری رکھے گا لاج |
| کوئی چیز تو ہوگی گھر میں ترے |
| تو جا،اوروہ پاس لے آ مرے |
| کہا:اک پیالہ ہے،اور اک دری |
| مرے پاس سامان ہے بس یہی |
| کہا:لاؤ یہ دونوں چیزیں یہاں |
| خدا اپنے بندوں پہ ہے مہرباں |
| یہ سن کر اسی وقت وہ گھر گیا |
| پیالہ ،دری لے کے حاضر ہوا |
| نبی نے یہ فرمایا اصحاب سے |
| یہ چیزیں کوئی نیک دل مول لے |
| اس اعلان پر اک صحابی اٹھے |
| خوشی سے اسے چند درہم دیے |
| بہت خوش ہوئے اس پہ پیارے رسول |
| یہ سائل سے فرمایا کرلو قبول |
| کلہاڑی ابھی لاؤ بازار سے |
| بچو گے غریبی کے آزار سے |
| کلہاڑی وہ لے کر جو حاضر ہوا |
| تو سرکار نے اس میں دستہ جڑا |
| کلہاڑے اسے دے کے اس سے کہا |
| نہ محنت سے اب جی چرانا ذرا |
| اٹھو، نام حق لے کے جنگل میں جاؤ |
| وہاں لکڑیاں کاٹو،روزی کماؤ |
| یہ سمجھو اسی میں تمہاری ہے شان |
| خدا تم پہ ہوگا بہت مہربان |
| وہ دس روز کے بعد حاضر ہوا |
| کہا:مجھ پہ ہے فضل رب کا بڑا |
| جو مجھ پر تھے سختی کے دن کٹ گئے |
| بہت خوش ہیں اب بیوی بچے مرے |
| یہ سن کر ہوئے خوش رسول خدا |
| کہا:تیری محنت کا ہے یہ صلہ |
| جو دنیا میں محنت کواپنائے گا |
| خدا مہرباں اس پہ ہوجائے گا |
| وہ بولا ہے سچے کا سچا کلام |
| محمدؐ پہ لاکھوں دروداورسلام |
Facebook Comments

