خدا کا ذکر کرے ،ذکرِ مصطفےٰ نہ کرے
ادیب رائے پوری
خدا کا ذکر کرے ،ذکرِ مصطفےٰ (ص) نہ کرے
ہمارے منہ میں ہو ایسی زباں،خدا نہ کرے
درِ رسول (ص) پہ ایسا کبھی نہیں دیکھا
کوئی سوال کرے اور وہ عطا ء نہ کرے
کہا خدا نے ، شفاعت کی بات محشر میں
مرا حبیب کرے ، کوئی دوسرا نہ کرے
مدینے جا کے نکلنا نہ شہر سے باہر
خدا نخواستہ یہ زندگی وفا نہ کرے
اسیر جس کو بنا کر رکھیں مدینے میں
تمام عمر رہائی کی وہ دعا نہ کرے
نبی کے قدموں پہ جس دم غلام کا سر ہو
قضاسے کہہ دوکہ اک لمحہ بھی قضا نہ کرے
شعور نعت بھی ہو اور زبان بھی ہو ادیب
وہ آدمی نہیں جو اس کا حق ادا نہ کرے
Facebook Comments