کرسی
کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
ابّو لائے میری کرسی
گھر کی ہر کرسی سے اچھی
ویسے تو یہ لکڑی کی ہے
نرم سی اس پر گدّی بھی ہے
ٹیک لگانے پر ہے جُھکتی
ہے آرام کمر کو دیتی
نہیں زیادہ اونچائی ہے
چڑھنے میں بھی آسانی ہے
روزانہ اسکول سے آکر
کھانا میں کھاؤں گا اس پر
اس پر گھر کا کام کروں گا
تصویروں میں رنگ بھروں گا
اس پہ پڑھ لوں گا میں کہانی
جس میں راجا اور ہے رانی
پکنک پر بھی لے جاؤں گا
سیر اسے بھی کرواؤں گا
جو بھی کرے گا اس کو گندا
اس سے ہوگا میرا جھگڑا
اسے رکھوں گا صاف اور ستھرا
کوئی نہ ہوگا اس پر دھبّا
روزانہ سیپارہ اس پر
پڑھ لوں گا بسم اللہ پڑھ کر
تعریفیں ہیں اللہ ہی کی
جس نے دی ہے اچھی کرسی
Facebook Comments

