skip to Main Content

زیبرا ہوں میں دھاری دار

کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
بچوں کو ہے مجھ سے پیار
زیبرا ہوں میں دھاری دار
دھاری شان بڑھاتی ہے
کیڑوں سے یہ بچاتی ہے
سرپٹ دوڑ لگاتا ہوں
گھاس شوق سے کھاتا ہوں
تازہ گھاس کی خاطر میں
دور تلک بھی جاتا ہوں
پھل بھی کھا لیتا ہوں میں
چھال چبا لیتا ہوں میں
ہے رفتار مری اچھی
بینائی بھی ہے خاصی
سوتا ہوں میں کھڑے کھڑے
گرتا نہیں میں، کیا سمجھے
پاؤں کے جوڑوں میں مرے
رب نے بخشے ہیں تالے
نیند کے جھونکے جب آئیں
یہ تالے بھی لگ جائیں
جاگ اٹھوں میں سو کر جب
کھل جائیں یہ تالے سب
مل جل کر میں رہتا ہوں
دکھ بھی مل کر سہتا ہوں
دشمن سے لڑ جاتا ہوں
اس کو مار بھگاتا ہوں
گر میری ٹھوکر کھائے
شیر تڑپ کر مر جائے
Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top