skip to Main Content

سمجھ دار گدھا

ڈاکٹر جمیل جالبی
۔۔۔۔۔۔۔۔

گاؤں سے باہر ہرے بھرے میدان میں ایک بوڑھا اپنے گدھے کو چرا رہا تھا کہ اتنے میں دور سے اسے شور سنائی دیا۔کیا دیکھتا ہے کہ دشمن کی فوجیں تیزی سے اس طرف آ رہی ہیں۔یہ دیکھ کر وہ گھبرا گیا اور جلدی سے اپنے گدھے کو ہانکتے ہوئے دوسری طرف بھاگنے لگا۔
گدھے نے پوچھا،”اے مالک! کیا ماجرا ہے؟“مالک نے جواب دیا کہ دشمن ہماری طرف آ رہا ہے۔ہمیں یہاں سے فوراً بھاگ جانا چاہیے ورنہ ہم دونوں پکڑ لئے جائیں گے۔
گدھے نے کہا:
”اچھا یہ تو بتائیے!اگر دشمن مجھے پکڑ لے تو کیا وہ مجھ پر اس سے زیادہ بوجھ لادے گا جتنا روز آپ مجھ پر لادتے ہیں؟“
مالک نے جواب دیا:
”نہیں،اس بات کا تو کوئی ڈر نہیں ہے۔“
مالک کی یہ بات سن کر گدھے نے کہا،”اگر اس بات کا ڈر نہیں ہے تو پھر میں کیوں بھاگو ں؟میرے لئے کیا فرق پڑتا ہے اگر میرا مالک تو ہو یا تیرا دشمن۔ مجھے تو بوجھ ہی ڈھونا ہے۔وہ بوجھ تیرا ہو یا تیرے دشمن کا۔میرے لیے تو دونوں ایک ہیں۔“
یہ کہہ کر گدھا وہیں کھڑا ہوگیا۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top