skip to Main Content
پیلی کن(حواصل): مچھلی خور پرندہ

پیلی کن(حواصل): مچھلی خور پرندہ

محمد فرحان اشرف

۔۔۔۔۔۔۔

پیلی کن کا تعلق پرندوں کے پیلی کینی فامرز خاندان سے ہے۔یہ گرم،مرطوب علاقوں کے سمندروں،دریاؤں،جھیلوں اوربڑے بڑے تالابوں کے کنار ے پایاجاتاہے۔دیگر آبی پرندے شوبل اورہیمر کاپ بھی اسی خاندان کے پرندوں میں شامل ہیں۔یہ پرندہ ہمارے ملک کے ہر چڑیاگھرمیں پایاجاتاہے۔اس کی شکل بگلے سے ملتی ہے،مگر اس کا بگلے سے کوئی تعلق نہیں۔یہ قطبین اور براعظم جنوبی امریکا کے اندورنی حصوں کے علاوہ دنیامیں ہر جگہ پایاجاتاہے۔دنیامیں اس کی آٹھ اقسام پائی جاتی ہیں،جوزیادہ تر کالونی کی شکل میں رہتی ہیں۔یہ 25سال تک زندہ رہ سکتاہے۔اس کی چونچ ڈیڑھ فٹ لمبی ہوتی ہے،جس کے نیچے تھیلی لٹکی رہتی ہے۔لمبی اورتھیلی دار چونچ پیلی کن کی سب سے نمایاں نشانی ہے۔اس کے پر بڑے بڑے اورمضبوط ہوتے ہیں۔یہ دنیاکے اُن بڑے پرندوں میں شامل ہے،جواُڑ سکتے ہیں۔ٹانگیں چھوٹی اورپیر بطخ کے پیروں کی طرح جھلی دار ہوتے ہیں۔اس کی رنگت سفید،گلابی اوربھوری ہوتی ہے اورپروں کا پھیلاؤ 11فٹ تک ہوتاہے۔اس کی نظر خاصی تیز ہوتی ہے،جس سے یہ 100ف دورتک ہر شے کو واضع طورپر دیکھ سکتاہے۔اس کے کان بڑے حساس ہوتے ہیں،جن کی مددسے یہ اپنے ماحول سے باخبر رہتاہے۔
پیلی کن مچھی کا زبردست شکاری اور مچھلی خور پرندہ ہے، زیادہ ترمچھلی شکارکرتاہے۔دوران پرواز پانی کی سطح پر نظر رکھتاہے،جیسے ہی کوئی مچھلی نظرآتی ہے،بڑی تیزی سے اپنے پنجے پانی سے ٹکراتاہے۔ جس سے مچھلی پانی سے اچھل کر باہر آجاتی ہے اوریہ اُسے شکار کرلیتاہے۔پیلی کن مچھلی کا شکار چندسیکنڈمیں کرلیتاہے،اگر مچھلی بڑی ہوتو پانی میں چونچ ڈال کر اسے نکال لیتاہے۔اس پرندے کی کچھ اقسام دیگر آبی جانور مثلاََ کیکڑے،سانپ اورمینڈک بھی شکار کرکے کھاتی ہیں۔اس کے پر بڑے ہوتے ہیں،جن کی مددسے یہ دس ہزارفٹ کی بلندی تک پروازکرسکتاہے۔یہ گدھ کی طرح گرم ہواسے مددلیتاہے اور بلندی پر پہنچ کر کافی دیر تک ساکت پروں کے ساتھ پرواز کرتارہتاہے۔اس کی پرواز کی رفتار30کلومیٹر فی گھنٹا تک ہوتی ہے۔ہوامیں غوطہ لگاتے وقت اس کی رفتار60کلومیٹر فی گھنٹا تک پہنچ جاتی ہے۔یہ پرندہ انسانوں سے بہت جلد مانوس ہوجاتاہے۔اسے کئی ممالک میں پالتوپرندے کے طورپر پالاجاتاہے۔دنیاکے کئی ممالک میں اس پرندے کی مددسے مچھلی کا شکار بھی کیاجاتاہے۔
پیلی کن کی دواقسام پانی کے نزدیک زمین پر گھونسلابناکر رہتی ہیں،جب کہ باقی اقسام درختوں پر گھونسلابناتی ہیں۔ یہ پرندہ اپنا گھونسلا درختوں کی پتلی اورمضبوط شاخوں کو ایک ڈھیرکی شکل دے کر بناتاہے۔ بہارکے موسم میں مادہ پیلی کن دو سے چھ تک انڈے دیتی ہے۔یہ انڈے مرغی کے انڈوں سے بڑے اور سفیدیابھورے رنگ کے ہوتے ہیں۔جن سے تقریباََ36دنوں کے بعد بچے نکلتے ہیں۔ پیدایش کے وقت بچے پروں کے بغیرہوتے ہیں۔دوسے چارماہ تک بچے اپنی ماں کی حفاظت میں رہتے ہیں۔ اس دوران اُن کے پرنکل آتے ہیں اوریہ پانی میں تیرنے لگتے ہیں۔تقریباََ ایک سال کے بعد یہ پرواز کے قابل ہوتے ہیں۔یہ ایک خاموش رہنے والاپرندہ ہے۔خطرے کے وقت اپنی چونچ سے پھنکارنے کی آوازنکالتاہے۔ایک دوسرے کو بلاتے وقت یہ بہت بھاری آوازنکالتاہے اورکچھ اقسام چونچ بجا کر شورکرتی ہیں۔یہ پرندے اکٹھے ہوکر بہت شورمچاتے ہیں۔
ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے کئی علاقوں میں پیلی کن کی تعدادمیں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے۔پانی میں موجود زہریلے اجزامچھلیوں کے جسم سے جب پیلی کن کے جسم میں داخل ہوتے ہیں،تویہ بیمار ہو کر مر جاتاہے۔دنیاکے کئی ساحلی علاقوں میں ہرسال ہزاروں پرندے اس وجہ سے ہلاک ہورہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ سلسلہ جاری رہاتو کئی ساحلی علاقوں سے اس پرندے کی نسل ختم ہوجائے گی۔ غیر قانونی شکارکی وجہ سے بھی اس پرندے کی تعدادمیں کمی واقع ہورہی ہے۔ دنیاکے کئی ممالک میں اس کے غیرقانونی شکار پر پابندی عائدہے۔قدرتی ماحول میں اس پرندے کے شکاری بھیڑیا،لومڑی اور گیدڑ ہیں۔یہ پیلی کن کے کم زوربچوں کو شکارکرلیتے ہیں۔دوران پرواز بڑے سمندری عقاب بھی اسے شکار کرلیتے ہیں۔اپنے دشمنوں سے بچنے کے لیے یہ اپنی لمبی چونچ سے دشمن پر وارکرتاہے۔
دنیابھرمیں پیلی کن کی مندرجہ ذیل اقسام پائی جاتی ہیں:پیلی کن کی سب سے چھوٹی قسم بھوراپیلی کن ہے۔یہ براعظم شمالی امریکامیں پایاجاتاہے،جب کہ اس کی کچھ تعدادجنوبی امریکا کے ساحلوں پر بھی پائی جاتی ہے۔اس کے جسم کی لمبائی 54انچ اوروزن 6کلوگرام تک ہوتاہے۔اس کی چونچ 18انچ تک لمبی اور پروں کاپھیلاؤآٹھ فٹ تک ہوتاہے۔اس کی چونچ سرخ اورسفید اورباقی جسم کی رنگت بھوری ہوتی ہے۔یہ پانی کے اندرجاکر بھی مچھلی شکار کرلیتاہے۔آسٹریلین پیلی کن آسٹریلیا،نیوگنی،فجی اورانڈونیشیاکے کچھ جزائر میں پایاجاتاہے۔اس کے جسم کی لمبائی پانچ فٹ اوروزن سات کلوگرام تک ہوتا ہے۔اس کی چونچ گلابی،پر سفید اور پشت کی رنگت کالی ہوتی ہے۔لمبی چونچ والا پیلی کن دلدلی علاقوں میں پایاجاتاہے۔اس کی چونچ کی لمبائی20انچ تک ہوتی ہے۔یہ اپنی لمبی چونچ کی مددسے کئی پرندوں کوبھی شکارکرلیتاہے۔
سفیدامریکی پیلی کن براعظم شمالی امریکا کے ساحلی علاقوں،جھیلوں اور قدرتی تالابوں کے کنارے بڑی تعدادمیں پایاجاتاہے۔اس کی رنگت سفید،جسم کی لمبائی 70انچ تک اوروزن 15کلوگرام تک ہوتا ہے۔اس کے پروں کاپھیلاؤدس فٹ تک ہوتاہے۔یہ زیادہ تروقت پانی کے اندرگزارتاہے اور تیرنے کے دوران ہی مچھلیاں شکارکرتاہے۔اپناگھونسلاپانی کے نزدیک میدان میں بناتاہے۔یہ قسم کالونی کی شکل میں رہتی ہے اوراکثر ان کی کالونی میں دس ہزارسے بھی زیادہ پرندے ہوتے ہیں۔یہ قسم بہت شورمچاتی ہے۔ڈال میشن پیلی کن جنوب مشرقی یورپ کے ممالک چین،بھارت اورپاکستان میں پائی جاتی ہے۔یہ سب سے بڑے پرندے ہیں،جو 6فٹ تک لمبے اور19کلوگرام تک وزنی ہوتے ہیں۔اس کے پروں کا پھیلاؤ11فٹ سے بھی زیادہ ہوتاہے۔اس کارنگ سفید،چونچ خاکستری اورچونچ کے ساتھ تھیلی گہرے پیلے رنگ کی ہوتی ہے۔یہ دنیاکے بھاری ترین پرندوں میں شمارہوتاہے۔یہ جھیلوں،دریاؤں اوربڑے بڑے تالابوں کے گردرہتاہے۔شدیدگرمی کا موسم یورپ اورسردی کا موسم ایشیا میں گزارتاہے۔یہ پانی میں تیرتے ہوئے مچھلی کا شکارکرتاہے۔
عظیم سفید پیلی کن یورپ،ایشیا اورافریقاکے دلدلی علاقوں اور جھیلوں کے کنارے پایاجاتاہے۔اسے مشرقی سفیدپیلی کن،روزی پیلی کن اورسفیدپیلی کن بھی کہاجاتاہے۔ڈال میشن کے بعد یہ سب سے بڑا پیلی کن ہے۔اس کے جسم کی لمبائی 6فٹ اوروزن 13کلوگرام تک ہوتاہے۔اس کے پروں کی رنگت سفیدہوتی ہے،جن کے کنارے سیاہ رنگ کے ہوتے ہیں۔اس کی چونچ 18انچ تک لمبی اورگلابی رنگ کی ہوتی ہے۔یہ صحرائی علاقوں میں موجودتالابوں کے کنارے بھی پایاجاتاہے۔یہ قسم بہت سخت جان ہے اورخوراک کی تلاش میں دوردورتک پہنچ جاتی ہے۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top