محنت میں برکت ہے
خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔۔۔
نبی مکرم دلوں کا قرار |
درودوسلام ان پہ ہوں بے شمار |
ہمارے نبی کا ہے یہ واقعہ |
غریب ان کے پاس ایک حاضر ہوا |
کہا:اے نبی!اے خدا کے حبیب |
میں مفلس ہوں،نادارہوں اور غریب |
مصیبت کا،غربت کا مارا ہوں میں |
کرم کیجیے،بے سہارا ہوں میں |
مرے چھوٹے بچے ہیں،بیوی بھی ہے |
مگر کچھ نہیں گھر میں کھانے کی شے |
مرے حال پر رحم فرمایئے |
خزانے سے کچھ مال دلوائیے |
نبی یہ نے فرمایا:اے خوش خصال |
مناسب نہیں پھیلے دست سوال |
کرے اپنے ہاتھوں سے گرکام کاج |
یقین ہے خدا تیری رکھے گا لاج |
کوئی چیز تو ہوگی گھر میں ترے |
تو جا،اوروہ پاس لے آ مرے |
کہا:اک پیالہ ہے،اور اک دری |
مرے پاس سامان ہے بس یہی |
کہا:لاؤ یہ دونوں چیزیں یہاں |
خدا اپنے بندوں پہ ہے مہرباں |
یہ سن کر اسی وقت وہ گھر گیا |
پیالہ ،دری لے کے حاضر ہوا |
نبی نے یہ فرمایا اصحاب سے |
یہ چیزیں کوئی نیک دل مول لے |
اس اعلان پر اک صحابی اٹھے |
خوشی سے اسے چند درہم دیے |
بہت خوش ہوئے اس پہ پیارے رسول |
یہ سائل سے فرمایا کرلو قبول |
کلہاڑی ابھی لاؤ بازار سے |
بچو گے غریبی کے آزار سے |
کلہاڑی وہ لے کر جو حاضر ہوا |
تو سرکار نے اس میں دستہ جڑا |
کلہاڑے اسے دے کے اس سے کہا |
نہ محنت سے اب جی چرانا ذرا |
اٹھو، نام حق لے کے جنگل میں جاؤ |
وہاں لکڑیاں کاٹو،روزی کماؤ |
یہ سمجھو اسی میں تمہاری ہے شان |
خدا تم پہ ہوگا بہت مہربان |
وہ دس روز کے بعد حاضر ہوا |
کہا:مجھ پہ ہے فضل رب کا بڑا |
جو مجھ پر تھے سختی کے دن کٹ گئے |
بہت خوش ہیں اب بیوی بچے مرے |
یہ سن کر ہوئے خوش رسول خدا |
کہا:تیری محنت کا ہے یہ صلہ |
جو دنیا میں محنت کواپنائے گا |
خدا مہرباں اس پہ ہوجائے گا |
وہ بولا ہے سچے کا سچا کلام |
محمدؐ پہ لاکھوں دروداورسلام |
Facebook Comments