لاؤڈ اسپیکر
کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
سب کہتے تھے خالد انور
لاؤڈ اسپیکر ! لاؤڈ اسپیکر!
پھیلی ان کی شہرت گھر گھر
نام پڑا یہ ان کا کیوں کر؟
بات یہ کرتے چیخ کے ہر دَم
جس پر سب ہو جاتے برہم
یہ سب کی رکھتے تھے خبریں
کوشش تھی ان کو پھیلائیں
آگے پیچھے دائیں بائیں
دُور تلک ان کو پہنچائیں
کس نے کس کی بال چُھپائی
کس نے کس کی چُغلی کھائی
کس کی ضد پر ہوئی پٹائی
کس کی کس سے ہوئی لڑائی
امی نے ان کو بلوایا
پاس بٹھایا اور سمجھایا
چیخ کے کرنا بات برا ہے
اس پر رب ناخوش ہوتا ہے
سب کی خبروں کو پھیلانا
ہے شیطاں کی چال میں آنا
قرآں کی تاکید یہی ہے
مانو گے، امید یہی ہے
پھر یہ کہا امی نے سب سے
بات نکالو اچھی، لب سے
چڑ نہ کسی کی کبھی بناؤ
عیب کسی کے مت گِنواؤ
اللہ کا فرمان سنو تم
نافرمانی نہیں کرو تم
سب بولے ہو کر شرمندہ
چڑ نہ بنائیں گے آئندہ
خالد نے بھی توبہ کرلی
دل میں اپنے نیکی بھر لی
اب سب بولیں، خالد انور
کتنا اچھا، کتنا بہتر
Facebook Comments

