لاما
کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
اونٹ کا رشتہ دار ہے لیکن
ہوتا ہے کوہان کے یہ بِن
ملے جنوبی امریکا میں
کُہساروں کی کُھلی فضا میں
ہے یہ ہزاروں سال پرانا
کام اِس کا ہے بوجھ اُٹھانا
چھ فُٹ تک ہوتا اونچا ہے
وزن کِلو دو سو پاتا ہے
ساٹھ کِلو تک بوجھ اُٹھائے
کُہساروں پر چڑھتا جائے
جسم پہ اِس کے اُونی لَبادہ
کام انساں کے آئے زیادہ
اُون سے کمبل بن جاتے ہیں
اُونی کپڑے بنواتے ہیں
رنگت اُجلی یا پھر بُھوری
کچھ کی سُرمئی یا پھر کالی
پتےّ، پودے ، گھاس یہ کھائے
کم بھی ملے تو خوش ہو جائے
رب نے دی ہیں ایسی آنکھیں
دائیں بائیں بھی جو دیکھیں
لمبے لمبے کان ہیں اِس کے
ہلکی سی آواز بھی سُن لے
بھیڑوں کی نگرانی کرلے
اُن کے دشمن کی یہ خبر لے
اِس کو غصّہ گر آجائے
فوراً ڈھیروں تُھوک اُڑائے
بیٹھ بھی جائے، لیٹ بھی جائے
نیند اسے قِسطوں میں آئے
الگ الگ آوازیں نکالے
بات اُن سے اپنی پہنچا لے
کان یا گردن جب یہ ہلائے
سمجھو! یہ پیغام سُنائے
رنگوں کو بھی یہ پہچانے
آوازوں کو بھی یہ جانے
جتّھے میں مِل کر رہتا ہے
مشکل، مِل جُل کر سہتا ہے
عمر ہے پاتا بیس برس تک
کوئی کوئی تو تیس برس تک
یہ سب ہے اللہ کی رحمت
لاما بھی ہے رب کی نعمت
مشکل الفاظ کے معنی:
بِن: بغیر
کُہساروں: پہاڑوں
لَبادہ: اُونی لباس
اُجلی: سفید
خبر لے: سزا دے
گر: اگر
جتّھا: گروہ
Facebook Comments

