خوش باش عمر طارق
کلیم چغتائی
…..
سب کے آتے ہیں کام ، عمر طارق
ہے ہر اک لب پہ نام ، عمر طارق
رہتے ہیں تازہ دم سدا یہ شاد
صبح ہو یا کہ شام ، عمر طارق
جب بھی سودا خرید لانا ہو
تو چکاتے ہیں دام ، عمر طارق
گھر کی گھنٹی بجائے کوئی اگر
جا کے کر لیں کلام ، عمر طارق
جب بھی مما خفا ہوں، جلدی سے
ان کو کرتے ہیں رام ، عمر طارق
لے کے جاتے ہیں بابا پکنک پر
ساتھ میں تیز گام ، عمر طارق
کوئی گرنے لگے تو فوراً ہی
اس کو لیتے ہیں تھام ، عمر طارق
نانی کے گھر میں تو نمازوں کا
کرتے ہیں اہتمام ، عمر طارق
ہیں بہت خوبیاں مگر پھر بھی
ہیں پڑھائی میں خام ، عمر طارق
نانا نانی کی ہے دعا ، کہ ملے
تم کو اعلیٰ مقام ، عمر طارق
خوش رہو دو جہاں میں تم بیٹے
ہے ہمارا پیام ، عمر طارق
Facebook Comments

