ہیو جان لوفٹنگ (Hugh John Lofting)
برکشائر ،برطانیہ میںپیداہونے والے’ہیو لوفٹنگ‘(14 جنوری 1886ء۔26ستمبر 1947ء) ایک ولایتی۔امریکن مصنف تھے۔وہ انگریزی اور آئرش نسب سے تعلق رکھتے تھے۔ان کے سب سے بڑے بھائی ’ہلیری لوفٹنگ‘ جو 1915ء میں آسٹریلیا ہجرت کر گئے تھے، وہاں ایک ناول نگار بنے۔
ہیو لوفٹنگ نے پہلے ڈربی شائر کے ’مائونٹ سینٹ میری کالج‘ سے تعلیم حاصل کی اور پھرکیمبرج کے ایک ٹیکنا لوجی انسٹیٹیوٹ سے سول انجینئرنگ کی۔
پہلی جنگ عظیم میں برطانوی فوج کی آئرش گارڈ ز رجمنٹ میںشمولیت سے پہلے انہوں نے بطور سول انجینئر کئی طویل سفر کیے۔
وہ بنیادی طور پر ایک سول انجینئر تھے اور بچوں کے ادب میں کلاسک کا درجہ رکھنے والے کردار ’ڈاکٹر ڈولٹل‘ کے خالق تھے۔ افسانوی کردار’ڈاکٹر ڈو لٹل‘کا تعلق ایک برطانوی گائوں سے ہوتا ہے ۔وہ ایک ایسا طبیب ہے جو جانوروں کی زبان جانتا ہے اور اس طرح براہ راست جانوروں کی تکالیف سے واقف ہو جاتا ہے۔یہ کردار پہلی جنگ عظیم کے دوران لوفٹنگ کے خطوط میں نمودار ہوا جو انہوں نے برطانوی فوجی خندقوں سے اپنے بچوں کو بھیجے تھے۔بعد میں یہی خطوط ڈاکٹر ڈولٹل کے کردار پر لکھے جانے والے ناولوں کے سلسلے کی بنیاد بنے۔
پہلی جنگ عظیم کے فوراً بعد اور اپنی پہلی کتاب چھپنے سے پہلے لوفٹنگ برطانیہ سے امریکہ منتقل ہو گیے۔
لوفٹنگ کا انتقال کیلیفورنیا کے علاقے ٹوپانگا میں واقع ان کے گھر پر ہوا۔ انہیں جگر کا عارضہ لاحق تھا۔