عم٘ائی
کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔
دو بہنوں کا ہے اک بھائی
شوق سے وہ کھاتا ہے ملائی
نام اس کا عمار ہے لیکن
بہنیں کہتی ہیں عم٘ائی
ہر شب دیر تلک یہ جاگے
لیتا رہتا ہے انگڑائی
جاتے ہوئے اسکول کو اکثر
روکتا رہتا ہے یہ جمائی
یاد اس کو فوراً ہو جائے
مِس نے جو بھی بات بتائی
پڑھنے لکھنے میں ہے اچھا
پوزیشن بھی اس کی آئی
چونکہ بڑا ہے یہ بہنوں سے
اپنی دکھلاتا ہے بڑائی
خرچ کی عیدی دو ہی دن میں
بچ نہ سکی ہے جو کچھ پائی
کرتا ہے ہر وقت شرارت
بہنوں سے رہتی ہے لڑائی
لیکن کب تک بچ کر رہتا
آخر اک دن ہوئی پٹائی
دادا نے اک چپت لگائی
بابا نے اک دھول جمائی
تب سے کم کرتا ہے شرارت
آگئی ہے اس میں اچھائی
Facebook Comments

