skip to Main Content

آنحضورؐ کی پیدائش کے وقت دنیا کی حالت

خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بڑی شان والے ہمارے نبی
دلوں کے اجالے ہمارے نبی
وہ مکہ میں جس وقت پیدا ہوئے
برے ساری دنیا کے حالات تھے
ستاروں کی کرتا تھا پوجا کوئی
درختوں کے آگے تھا جھکتا کوئی
تھے اخلاق لوگوں کے اتنے خراب
کہ یہ زندگی بن گئی تھی عذاب
بتوں کو سمجھتے تھے اپنا خدا
وہ بندے تھے سب کے، خدا کے سوا
تھا دن رات ان کو لڑائی سے کام
گزرتے تھے جھگڑوں ہی میں صبح و شام
جو لڑکی کسی گھر میں پیدا ہوئی
گڑھا کھود کر زندہ گاڑی گئی
تھا شیطاں کا قبضہ ہر اک جان پر
تھے چھوٹے بڑے اس کے زیر اثر
برائی تھی ہر شے پہ چھائی ہوئی
تباہی تھی دنیا پہ آئی ہوئی
غرض جس قدر بھی برے کام تھے
پھنسے ان میں سب خاص اور عام تھے
گھٹا رحمت حق کی آخر اٹھی
زمانے میں تشریف لائے نبی
وہ پیارے نبی جن کا اعلیٰ مقام
ہوا جن پہ نازل خدا کا کلام
اندھیرے ہوئے جن کے آنے سے دور
کیا عام آکر ہدایت کا نور
زمانے کو دی علم کی روشنی
کہ تبدیل جس سے ہوئی زندگی
نبی نے سنایاخدا کا کلام
ہر اک کو بتایا خدا کا مقام
ہوئی ختم رات اور سویرا ہوا
مٹی تیرگی اور اُجالا ہوا
بڑی شان والے ہیں پیارے نبی
کہ سب کے نبی ہیں ہمارے نبی

 

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top