اُودبلاؤ: حیوانات کاانجینئر
محمد فرحان اشرف
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اُودبلاؤکترنے والاجانورہے اورجانوروں کے کارٹوریڈی خاندان کاواحدزندہ رکن ہے۔اس کاجسم بڑااورکافی موٹالیکن ٹانگیں چھوٹی اورمضبوط ہوتی ہیں۔اس جانور کے پچھلے پیرجھلی دارہوتے ہیں جواسے پانی کے اندر تیرنے میں مدددیتے ہیں اوربطورچپوکام کرتے ہیں۔اس جانورکے اگلے پیروں میں جھلی نہیں ہوتی اوراگلے پیروں کوہاتھوں کی طرح استعمال کرتاہے۔اس کی چوڑی اورپیڈل نمادم پانی کے اندرتیرنے میں مدددیتی ہے۔اس کی لمبائی90سینٹی میٹر(3فیٹ)اوروزن27کلوگرام (60 پاؤنڈ) تک ہوتا ہے۔یہ ایک نیم آبی جانورہے ۔شمالی امریکاکی ریاستوں،کینیڈااوریورپ کی جھیلوں اورندیوں کے اندریاان کے قرب وجوارمیں رہتاہے۔اس جانورپرتحقیق کرنے والے ماہرین اس کے پشتے اورچھوٹی چھوٹی نہریں کھودنے کی صلاحیت سے بہت متاثرہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس جانورکودنیامیں پائے جانے والے جانوروں کاانجینئر کہاجاتا ہے۔
اُودبلاؤ اپنے تیزدانتوں کی مددسے درختوں کی ٹہنیاں اورچھوٹی شاخیں کاٹ کر اورانہیں پانی میں بہاکراس جگہ لے جاتے ہیں جہاں انہوں نے پشتہ بناناہوتاہے ۔ پھران شاخوں اور ٹہنیوں کو آپس میں بُن کرایک ڈھانچہ تیارکرتے ہیں اوراسے گارے اوردرختوں کے مردہ پتوں سے بھردیتے ہیں۔یہ جانورگرمیوں کے مہینے میں اپنے بند بنانے کاکام شروع کرتے ہیں ،کیوں کہ ان مہینوں میں پانی کی سطح جھیلوں اورندیوں میں سب سے کم ہوتی ہے۔سردیوں کاموسم آنے تک پشتوں کی تعمیرکاکام جاری رکھتے ہیں ۔ اُودبلاؤ اپنے بنائے ہوئے پشتوں کی مستقل مرمت بھی کرتے رہتے ہیں۔ان کے بنائے ہوئے پشتے(بند)ایک میٹرسے اونچے ہوتے ہیں۔ان پشتوں(بندوں)کی وجہ سے بہتے ہوئے پانی کے کنارے چھوٹی چھوٹی جھیلیں بن جاتی ہیں۔یہ اپنے گھران ڈیموں سے گرے ہوئے علاقے میں بناتے ہیں۔اس طرح یہ جانورنہ صرف اپنے آپ کو شکاریوں سے بچاتے ہیں بلکہ اپنے شکارتک آسانی سے رسائی حاصل کرلیتے ہیں۔
عام حالات میں دیکھنے سے یہ گھروندے گارے کے بڑے بڑے ڈھیرمعلوم ہوتے ہیں لیکن بالکل پشتوں کی طرزپرتعمیرکیے گئے ہوتے ہیں۔یہ جانوایک سرنگ کی مدد سے اپنے بھٹ میں داخل ہوتے ہیں جوپانی کی سطح کے نیچے سے ہوتی ہوئی بھٹ تک پہنچتی ہے۔سردیوں کے موسم میں اپنے استعمال کے لیے خوراک اپنے بھٹ میں لے جانے کے لیے دوسری سرنگ استعمال کرتے ہیں۔
کینیڈامیں ایک نیشنل پارک میں دواُودبلاوؤں نے پندرہ(15)مہینوں کے عرصے میں226درخت کاٹ کرگرادیئے اوران درختوں کی ٹہنیوں،شاخوں اورتنوں کی مددسے ایک دریاکے آرپار15میٹر(50فیٹ)چوڑے پشتے بنائے۔ان پشتوں کے اندر28مکعب میٹر(1000مکعب فیٹ)کاایک بڑابھٹ بنایااوراس میں درختوں کی چھوٹی چھوٹی شاخوں ،چھال اورجڑوں کوموسم سرمامیں خوراک کے طورپراستعمال کرنے کے لیے20مکعب میٹر(720مکعب فیٹ)حجم کے ایک ڈھیرکی شکل میں محفوظ بھی کیا۔ یہ جانورخاندان کی شکل میں اکٹھے رہتے ہیں۔دیگرددوھ دینے والے جانوروں کے برعکس مادہ اُودبلاؤ جسیم ہوتی ہے۔مادہ ایک جھول میں چاربچوں کوجنم دیتی ہے۔یہ بچے دوسال کی عمرکوپہنچنے تک اپنے خاندان کے ساتھ رہتے ہیں۔اس کے بعدیہ اپنی نسل میں اضافہ کرنے اورخاندان بنانے کے لیے اپنے والدین سے الگ ہوجاتے ہیں۔
امریکامیں کسی زمانے میں لاکھوں کی تعدادمیں یہ جانورپایاجاتاتھا۔وہاں لوگوں نے اس کی قیمتی فرحاصل کرنے کے لیے اس جانورکابے دریغ شکارکیا۔چنانچہ اُودبلاؤ کی نسل کومحفوظ رکھنے کے لیے حکومت کواس سلسلے میں قوانین بنانے پڑے۔