نپولین بونا پارٹ
نپولین فرانس کے جزیرہ کورسیکا میں 15 اگست 1769 کو پیدا ہوا۔ پیرس اور برائن کے فوجی اسکولوں میں تعلیم پائی اور سب سے پہلی کامیابی تولون کے محاصرے میں حاصل کی، جہاں اس نے توپ خانے کو ایک ایسے مخصوص انداز میں استعمال کیا کہ اسی کی وجہ سے فتح ہوگئی۔ اس کے بعد اٹلی میں پے در پے فتوحات حاصل ہوئی اور 1797 تک وہ ایک قومی ہیرو بن گیا۔ اسی سال اس کو مصر کے خلاف ایک مہم کا کماندار مقرر کیا گیا، جس کا آخر مقصد یہ تھا کہ ہندوستان کو فتح کیا جائے۔ نپولین اب تک خشکی کی لڑائیوں میں تو فتح مند ہوتا چلا آتا تھا لیکن جب دریائے نیل پر برطانوی بیڑے سے مقابلہ ہوا تو اس کا بحری بیڑا ناکام ہوگیا۔ 1799 کے موسم خزاں میں وہ پیرس چلا آیا اور حکومت کا تختہ الٹ کر خود قونصل اول بن گیا۔ 18 مئی 1804 کو نپولین شہنشاہ بنایا گیا۔
نپولین نے ہمیشہ کی طرح فتح پر فتح حاصل کرنی شروع کی، لیکن عین موسم سرما میں ماسکو سے پسپا ہوتے ہوئے وقت اس کی تقریباً ساری کی ساری فوج تباہ ہوگئی۔ 1813 میں پروشیا اور آسٹریا نے روس کے ساتھ مل کا لائپزگ کے مقام پر اس کو شکست دی اور اسے 11 اپریل 1814 کو تخت سے دستبردار ہونا پڑا۔
نپولین ایلبا کے جزیرے میں قید تھا،وہاں سے نکل بھاگا اور دوبارہ فرانس کا آمر بن گیا،لیکن آکر 18 جون 1815 کو بلوشر اور ویلنگٹن نے اس کو واٹر لو کے میدان میں شکست فاش دی اور وہ سینٹ ہلینا کے جزیرے میں جلا وطن کردیا گیا، جہاں 5 مئی 1821 کو وہ چل بسا۔