ماں اور بچہ
اسماعیل میرٹھی
بولی بچہ سے ماں میرے پیارے
صدقے اماں ! جواب دو بارے
کہ ہے بچہ کو ماں سے الفت کیوں ؟
رکھتا ہے اس قدر محبت کیوں ؟
دیا بچے نے یوں جواب سنو !
اے ہے اماں خبر نہیں تم کو
مجھ کو تکلیف سے بچاتی ہو
پیار سے گود میں بٹھاتی ہو
جی مرا بدمزہ اگر ہو جائے
میرے دکھ کا تمہیں اثر ہو جائے
مجھ کو ہو درد تم کو حیرانی
چپکے چپکے کرو نگہ بانی
اچھے اچھے کھلاتی ہو کھانے
پیار کرتی ہو تم ، خدا جانے
اور سب سے کہ آ رہے ہیں نظر
تم زیادہ ہو مہربان مجھ پر
جانتا ہوں عزیز سب سے تمہیں
چاہتا ہوں اسی سبب سے تمہیں
پیاری اماں کہا نہیں جاتا
نہیں مطلب بیان میں آتا
Facebook Comments