کُھٹ بڑھئی: انسان دوست پرندہ
محمد فرحان اشرف
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کُھٹ بڑھئی پرندوں کے پاسیڈی خاندان سے تعلق رکھتاہے۔یہ آسٹریلیا،مڈغاسکراورقطبین کے علاوہ ساری دنیامیں پایاجاتاہے۔پیکولٹ،رائے نیک اورفلیکرنامی پرندے بھی کُھٹ برھئی کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔دنیامیں اس پرندے کی دوسوکے قریب اقسام موجودہیں۔یہ دنیاکا خوب صورت پرندہ ہے جوگھنے جنگلات اوردرختوں کے جھنڈوں میں پایاجاتاہے۔اس کی چنداقسام پہاڑی علاقوں اورصحراؤں میں بھی پائی جاتی ہیں۔یہ انسان سے جلدمانوس ہوجاتاہے۔اس کے جسم کی لمبائی3سے20انچ تک ہوتی ہے۔اس کاوزن7گرام سے آدھاکلوگرام تک ہوتاہے۔اس کے پربڑے شوخ رنگوں کے ہوتے ہیں۔اس کی ٹانگیں اورپنجے مضبوط ہوتے ہیں۔ہرپنجے میں چارانگلیاں ہوتی ہیں۔پہلی اورچوتھی انگلی پیچھے کی جانب اوردوسری اورتیسری انگلی آگے کی جانب ہوتی ہے۔یہ پرندہ ہرقسم کے درخت پربڑی آسانی کے ساتھ چڑھ سکتاہے اورشاخوں پرالٹابھی بیٹھ سکتاہے۔اس کی چھوٹی اورمضبوط دم اسے خودکومتوازن رکھنے میں مدددیتی ہے۔
کُھٹ بڑھئی کی چونچ تین انچ تک لمبی ہوتی ہے۔جوآگے سے نوک دارہوتی ہے اورلوہایاپتھرکاٹنے والے آلے چھینی سے ملتی جلتی ہے۔اس کی مددسے یہ مضبوط سے مضبوط لکڑی میں سوراخ کرسکتاہے۔ درخت میں سوراخ کرنے کے لیے یہ تیزی کے ساتھ چونچ تنے پرمارتاہے۔اس کاسرمسلسل حرکت میں رہتاہے۔دماغ کوجھٹکوں سے بچانے کے لیے قدرت نے اس پرندے کے سرمیں مائع اورہواسے بھری ہوئی جھلی بنادی ہے۔اس کی مادہ بہارکے موسم میں درخت کے تنے میں سوراخ بناکراُس میں گھونسلابناتی ہے۔گھونسلابنانے کے لیے نراورمادہ مل کرکام کرتے ہیں۔مادہ دوسے پانچ تک سفیدرنگ کے انڈے دیتی ہے۔دوہفتوں کے بعدان سے بچے نکلتے ہیں۔ایک ماہ بعدبچوں کے پرنکل آتے ہیں اوروہ خودسے خوراک کھانے لگتے ہیں۔سرخ کلغی والاکھٹ بڑھئی درختوں میں گول کی بجائے مستطیل نماسوراخ بناتاہے۔یہ ہمیشہ اونچے درختوں پررہتاہے۔
یہ پرندہ درختوں کے تنوں میں چھپے ہوئے کیڑے مکوڑے بڑے شوق سے کھاتاہے۔یہ ہروقت درختوں کے تنوں پرچونچ مارتارہتاہے اوردن میں کئی کیڑے مکوڑے کھاجاتاہے۔صحرااورپہاڑی علاقے میں پایا جانے والاکُھٹ برھئی خوراک کے طورپرچھوٹے سانپ،چھپکلیاں،پرندوں کے انڈے اوربچھوکھاتاہے۔درختوں پرپائے جانے والے کُھٹ بڑھئی پانی کم پیتے ہیں۔یہ پانی کی کمی کودرختوں کے تنوں اورکیڑے مکوڑوں سے پوراکرتے ہیں۔کچھ اقسام ایسی بھی ہیں جودن میں کئی مرتبہ پانی پیتی ہیں۔اس پرندے کے کئی دشمن ہیں جن میں سانپ اورگریکل قسم کاایک پرندہ شامل ہیں۔اس کے زخمی اور چھوٹے بچے گھونسلے سے زمین پرگرکرلومڑی،گیدڑاورچوہوں کاشکارہوجاتے ہیں۔فضامیں اڑتے ہوئے عقاب بھی اِن کوشکارکرلیتاہے۔یہ پرندہ کم پروازکرتاہے اوربہت کم اپنی جگہ چھوڑتاہے۔یہ سارا دن ایک ہی درخت پرگزاردیتاہے۔یہ نیچی پروازسے مسلسل پرپھڑاتے ہوئے ایک ہی قطارمیں پروازکرتاہے۔
کُھٹ بڑھئی کی مشہوراقسام مندرجہ ذیل ہیں:بادامی کُھٹ بڑھئی امریکاکے چڑیاگھروں میں پایاجاتاہے۔اس کارنگ سیاہ،سفیداورسبز ہوتاہے۔اس کے سرپرکلغی ہوتی ہے۔اس کی نسل معدومیت کے خطرے سے دوچارہے۔شاہی کُھٹ بڑھئی میکسکوکے چڑیاگھروں میں پایاجاتاہے۔یہ بادامی کُھٹ بڑھئی سے ملتاجاتاہے۔اس کی چونچ2انچ لمبی ہوتی ہے۔اس کارنگ سیاہ اور سفیدہوتاہے۔اس کی نسل بھی معدومیت کے خطرے سے دوچارہے۔بال دارکُھٹ بڑھئی براعظم شمالی اورجنوبی امریکاکے جنگلات میں پایاجاتاہے۔اس کاپیٹ سفیداورپشت سیاہ رنگ کی ہوتی ہے۔آنکھوں کے نیچے سفید پٹی ہوتی ہے۔اس کی لمبائی10 انچ اوروزن100گرام تک ہوتاہے۔چونچ چھوٹی مگرمضبوط ہوتی ہے۔یہ خوراک کے طورپرپھل اوربیج بھی کھالیتاہے۔افریقاکاخاکستری کُھٹ بڑھئی مغربی اوروسطی افریقاکے جنگلات میں پایاجاتاہے ۔اس کے جسم کی لمبائی7انچ ہوتی ہے۔پروں کارنگ سبزی مائل زرداورسرسرخ ہوتاہے۔دم کے پرسیاہ اورسرخ رنگ کے ہوتے ہیں۔چونچ لمبی اورمضبوط ہوتی ہے۔ یہ زیادہ ترچرا گاہوں کے کنارے درختوں پرپایاجاتاہے۔
سرخ کلغی دارکُھٹ بڑھئی براعظم شمالی امریکاکے مشرقی ممالک میں پایاجاتاہے۔اس کے جسم کی لمبائی20انچ اوروزن300گرام ہوتاہے۔جسم کارنگ سیاہ ،گردن سفیداور سر پر سرخ کلغی ہوتی ہے۔ امریکامیں پایاجانے والاسرخ چونچ کُھٹ بڑھئی 1980ء کی دہائی میں تقریباًختم ہوچکاتھا۔امریکاکی حکومت اورکئی اداروں کی کوششوں سے اس کی نسل میں اضافہ ہواہے۔ڈاؤنی کُھٹ بڑھئی صرف براعظم شمالی امریکامیں پایاجاتاہے۔اس کے جسم کارنگ سیاہ اورسفیدہوتاہے۔اس کی لمبائی سات انچ اوروزن30گرام تک ہوتاہے۔یہ اونچے درختوں کی شاخوں پرپایاجاتاہے۔یہ خوراک کے طورپر پھل،بیج اورکیڑے مکوڑے بھی کھالیتاہے۔عظیم سلاٹی کُھٹ بڑھئی برصغیرپاک وہنداورجنوب مشرقی ایشائی ممالک میں پایاجاتاہے۔دیگراقسام کے مقابلے میں اس کاجسم سب سے بڑاہوتاہے۔ اس کے جسم کی لمبائی30انچ اوروزن آدھاکلوگرام تک ہوتاہے۔اس کے پرمکمل سیاہ،سرمئی یاخاکستری رنگ کے ہوتے ہیں۔اس کے گلے کے پرزردی مائل ہوتے ہیں۔اس کی چونچ بہت مضبوط اورباریک ہوتی ہے۔گردن اوردم کی لمبائی دیگراقسام کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔یہ چھوٹے درختوں والے جنگلات میں پایاجاتاہے۔اس کی خوراک درختوں پرپائے جانے والے چیونٹے،سنڈیاں اورمکھیاں وغیرہ ہوتی ہیں۔یہ کوے کی طرح پروازکرتاہے۔
کُھٹ بڑھئی دس سال تک زندہ رہتاہے اورانسانوں سے جلدمانوس ہوجاتاہے۔ایسے گھرجن میں لان میں بڑے درخت ہوں وہاں یہ پالاجاسکتاہے۔اس کی کئی اقسام زہریلے کیڑے کھاکردرختوں کو بیماریوں سے بچاتی ہیں۔امریکامیں کاشت کاراسے اپنے فارموں میں پالتے ہیں۔اگراسے درختوں پرخوراک نہ ملے تویہ زمین پرآکرمٹی سے چھوٹے کیڑے نکال کرکھالیتاہے۔اس کی زبان چارانچ لمبی ہوتی ہے ۔یہ اپنی باریک ریشے جیسی زبان کوبڑی تیزی سے اپنی چونچ سے باہرنکال سکتاہے۔اس کی نظربہت تیزہوتی ہے اوردرخت کی چھال میں چھپے ہوئے چھوٹے کیڑے مکوڑے تک دیکھ لیتاہے۔ اس پرندے کے کان بڑے حساس ہوتے ہیں،جن سے خاصی دورسے آوازیں سن لیتاہے اوراپنے ماحول سے باخبررہتاہے۔یہ اپنی موجودگی کااعلان درخت کے تنے پرچونچ مارکرکرتاہے اوربہت کم بولتا ہے۔آپس میں رابطے اورخطرے کے وقت سیٹی جیسی آوازنکالتاہے۔کچھ کُھٹ بڑھئی مینڈک کے ٹرانے جیسی آوازبھی نکالتے ہیں۔