جوہانا اسپائری (Johanna Spyri)
سوئس مصنفہ،جوہانا لوئس اسپائری(12جون 1827ء۔7جولائی1901ء)بچوں کے لیے کہانیاں لکھنے کے حوالے سے جانی جاتی ہیں اور خاص طور پر انہیں ناول’ہیدی‘ کی مصنفہ کے طور پر شہرت ملی۔وہ سوئٹزر لینڈ کے شہرزیورِخ کے علاقے ہِرزل میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے بچپن کی کتنی ہی گرمیاں سردیاں’چُر‘ نامی قصبے میں گزاریں۔
1852ء میں انہوں نے ایک وکیل سے شادی کرلی اور زیو رخ شہر میں رہتے ہوئے وہاں کی زندگی پر لکھنا شروع کیا۔ان کی پہلی کہانی 1873ء میں شائع ہوئی۔اگلے برس ان کی بچوں اور بڑوں کے لیے مزید کہانیاں منظر عام پر آئیں جن میں ناول’ہیدی‘ بھی شامل تھا جو انہوں نے محض چار ہفتوں میں لکھا تھا۔
اسپائری کے شوہر اور ان کے اکلوتے بیٹے، دونوں کا 1884ء میں انتقال ہو گیا۔تنہا ہونے کے بعد انہوں نے خود کو فلاحی کاموں میں مشغول کر لیا۔انہوں نے1901ء میں اپنے انتقال سے پہلے پچاس سے زیادہ کہانیاں لکھیں۔ ان کے انتقال کے بعد انہیں زیورخ کے قبرستان میں اس جگہ دفن کیا گیاجو ان کے خاندان کے لیے مخصوص تھی۔