اشتیاق احمد
معروف ادیب اشتیاق احمد (۱۹۴۴۔۲۰۱۵) ایک معروف پاکستانی، بچوں کے ادیب تھے۔ جنھوں نے ۸۰۰ سے زائد اُردو میں جاسوسی ناول لکھے۔ وہ اردو میں سب سے زیادہ بچوں کے ناول لکھنے والے ادیب مانے جاتے ہیں۔ تقریباً ہر ماہ ناول لکھتے تھے۔ ہفت روزہ رسالہ ’بچوں کا اسلام‘ کے ۱۵ سال تک مدیر رہے۔ تقسیم پاک و ہند کے بعد ہجرت کر کے پاکستان کے شہر جھنگ میں قیام کیا۔ ایف۔ ایس۔ سی تک تعلیم حاصل کی۔ ان کی کہانی جو’’ میری کہانی ‘‘کے نام سے شائع ہوئی۔ پہلی کہانی ہفت روزہ قندیل میں ’بڑا قد‘ ۱۹۶۰ء اور پہلا ’ناول پیکٹ‘ کا راز وجہ شہرت بنا۔ جس دور میں آپ نے لکھنے کی ابتدا کی اس دور میں ٹارزن وغیرہ کے کردار کی حامل کہانیاں اور ناول ہی مصنفوں کے تصنیفی میدان کا محور تھے، تاہم آپ نے ناولوں میں عالمی ریکارڈ پانے کے باوجود ان چیزوں سے اجتناب برتا۔ اس کے علاوہ وجہ شہرت جاسوسی ناول جن میں انسپکٹر جمشید سیریز بہت مشہور ہوئی، آخری عمر میں عمران سیریز پر بھی کچھ کام کیا۔ ان کی ذاتی ایجاد کردہ ناول سیریز میں ’’شوکی برادردز‘‘ کو بھی مقبولیت ملی۔ ماہنامہ ساتھی کے لیے آپ نے تین ناول اور کئی کہانیاں بھی لکھیں۔آپ کے ناول ادارہ مطبوعات طلبہ کراچی نے شائع کیے ہیں۔ آپ دسمبر ۲۰۱۵ء کراچی کتب میلے میں شرکت کرنے کے بعد واپس اپنے آبائی شہر جھنگ آرہے تھے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کرگئے۔