skip to Main Content

بریٹل اسٹار

کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔

آپ نے وہ نظم تو ضرور پڑھی ہوگی:
”ٹونکل، ٹونکل، لٹل اسٹار۔“
آج ہم آپ کو لٹل اسٹار تو نہیں البتہ ”بریٹل اسٹار“ سے ملواتے ہیں۔ آپ چونک تو گئے ہوں گے کہ یہ حضرت ہیں کون؟ بھئی یہ ہیں بریٹل اسٹار، پانی میں رہتے ہیں اور پانی بھی کون سا؟ سمندر کا…… اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ اسٹار تو آسمان پر چمکتے ہیں، ہم شاید پانی میں ان کے عکس کی بات کر رہے ہیں۔ نہیں بھئی عکس نہیں، جیتا جاگتا اسٹار۔ جس کا قسمت سے کوئی تعلق نہیں!
آپ نے تارا مچھلی یعنی اسٹار فش کا نام تو سناہوگا۔ ممکن ہے آپ نے کسی ماہی گھر (ایکویریم) میں اسٹار فش دیکھی بھی ہو اور کچھ نہیں تو تصویر تو دیکھی ہوگی۔ بس یہ بریٹل اسٹار صاحب بھی اسٹار فش کے خاندان سے ہیں یعنی ”اکائی نو ڈرمیٹا۔“ بریٹل اسٹار میں بعض انوکھی خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کے بارے میں جان کرآپ یقینا حیران ہوں گے۔
بریٹل اسٹار جسمانی لحاظ سے کسی تارے کی مانند ہوتے ہیں یعنی بیچ میں کسی تھالی کی مانند گول اور پانچ سمتوں میں پانچ لمبے لمبے بازو نکلے ہوتے ہیں۔ بریٹل اسٹار کی تقریباً اٹھارہ سو قسمیں ہیں، یہ دنیا کے تقریباً تمام سمندروں میں پائے جاتے ہیں، ان کی بعض قسموں کے بازو تو دو فٹ طویل ہوتے ہیں اور بعض قسموں کے بریٹل اسٹار مختصر سے ہوتے ہیں اور صرف چند انچ طویل بازوؤں سے کام چلاتے ہیں۔ یہ بازو بھی خوب ہوتے ہیں۔ ان پر سیکڑوں چھوٹے چھوٹے کانٹے سے نکلے ہوتے ہیں جو لیس دار ہوتے ہیں۔ پانی میں بہنے والے غذائی اجزاء ان سے چپک جاتے ہیں۔ اسٹار صاحب اپنے بازوؤں کو اپنے جسم کے مرکزی حصے میں واقع اپنے منہ تک لے جاکر ان اشیاء کو چٹ کر جاتے ہیں۔
بریٹل اسٹار کے بازو ان کے بڑے کام آتے ہیں۔ یہ بازو بڑے باوفا ہوتے ہیں اور اپنے مالک پر اپنی جان قربان کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ یہ بازو اپنے آپ کو قربان کرکے بریٹل اسٹار کی جان بچانے کا سبب بنتے ہیں۔ ہوتا یہ ہے کہ بریٹل اسٹار کے کئی دشمن پائے جاتے ہیں مثلاً مچھلیاں، کیکڑے، جھینگے وغیرہ۔ جوں ہی کوئی دشمن، بریٹل اسٹار پر حملہ کرتا ہے اور ان کا بازو تھامنے کی کوشش کرتا ہے، بریٹل اسٹار کا یہ بازو ٹوٹ کر دشمن کے منہ یا ہاتھوں میں جکڑا رہ جاتا ہے اور بقیہ بریٹل اسٹار کسی محفوظ مقام کی طرف چلا جاتا ہے۔ بریٹل اسٹار کے بازو اتنے نازک ہوتے ہیں، اس لئے اسے ”بریٹل اسٹار“ کا نام دیا گیا ہے۔ بریٹل انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں، نازک، جلد ٹوٹنے والا۔
بریٹل اسٹار کو بازو گنوانے کا زیادہ غم نہیں ہوتا کیونکہ چند ہفتوں میں ٹوٹے ہوئے بازو کی جگہ نیا بازو اگ آتا ہے، اس طرح اگر ایک ایک کر کے تمام بازو ٹوٹ جائیں تو ان کی جگہ نئے بازو نکل آتے ہیں حتیٰ کہ اسٹار کے مرکزی حصے کو بھی اگر نقصان پہنچ جائے تو اسٹار کی چند قسمیں اس کی بھی مرمت کرتی ہیں۔ بازو گئے تو گئے، جان تو بچی!
بریٹل اسٹار کے بازو ان کے لئے ایک اور اہم خدمت انجام دیتے ہیں۔ جوں ہی بازو، اسٹار سے الگ ہوتا ہے، یہ تیز سبز رنگ کی روشنی خارج کرنے لگتا ہے۔ یہ روشنی بازو کی لمبائی میں اوپر سے نیچے اور نیچے سے اوپر تیزی سے سفر کرتی ہے، باقی بریٹل اسٹار تاریک اور غیر روشن رہتا ہے چناں چہ حملہ آور، جو روشنی کی طرف متوجہ ہوچکا ہوتا ہے، بریٹل اسٹار کی طرف سے غافل ہو جاتا ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھا کر بریٹل اسٹار صاحب کسی محفوظ پناہ گاہ کی راہ لیتے ہیں۔
اگر ایک جگہ بہت سے بریٹل اسٹار پڑے ہوں اور وہ اس طرح کی روشنی خارج کرنے لگیں تو یوں لگتا ہے جیسے ستارے دمک رہے ہیں۔ اس قسم کی روشنی کے جھما کے ایک منٹ میں پچاس تک ہو سکے ہیں۔ اسٹار ذرا سا چھوئے جانے سے روشنی دینے لگتے ہیں۔ اتنی تیز کہ اسے پچیس فٹ دور سے دیکھاجاسکتا ہے۔ ایک سائنس دان نے سمندر میں خاص طور پر کئی گھنٹے تک تیراکی کر کے دیکھا کہ جوں ہی اسٹار روشنی کے جھما کے پیدا کرتا ہے، کوئی نہ کوئی حملہ آور اس کے پاس سے گھبرا کر ہٹ جاتا ہے۔ خیال ہے کہ روشنی کی وجہ سے حملہ آور ٹھٹک جاتا ہے، گھبرا جاتا ہے اور عارضی طور پر اندھا ہو جاتا ہے۔ اس سائنس دان نے بتایا کہ ایک جائزے کے مطابق جو بریٹل اسٹار روشنی پیدا کرتے ہیں۔ ان میں سے صرف 7 فیصد کے بازوؤں کو حملہ آوروں نے نقصان پہنچایا تھا، جب کہ اس قسم کے جو جانور روشنی پیدا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ان میں 35 سے لے کر 75 فیصد تک کو حملہ آور نقصان پہنچا چکے تھے۔ایک اور دلچسپ بات یہ معلوم ہوئی کہ ایک اسٹار ایک رات میں حملوں سے بچنے کے لئے صرف سات منٹ صرف کرتا ہے ورنہ تو حملہ آوروں کو خوفزدہ کر کے بھگانے کے لئے اسٹار کی تیز روشنی ہی کافی ہے۔
ایک اور مزے کی بات سنیے۔ بریٹل اسٹار کا ذائقہ کیکڑوں کو پسند نہیں آتا لیکن اس بات کا خطرہ تو لگا رہتا ہے نا کہ کوئی شریر کیکڑا کب حملہ کر کے اسٹار کا بازو چکھ لے۔ اسی لئے جب بھی کیکڑا یا کوئی اور حملہ آور بریٹل اسٹار پر چڑھائی کرتا ہے، روشنی کے جھما کے اس کو یہ پیغام دینے لگتے ہیں کہ آپ نے عشائیہ کے لئے جس شے کا انتخاب کیا ہے، وہ قطعاً لذیذ نہیں ہے۔
بر یٹل اسٹار اپنی روشنی پیدا کرنے کی خصوصیت کی وجہ سے بہت سے چھوٹے جانوروں کے لئے بھی چوکیدار یا محافظ کا کام دیتا ہے۔ کیکڑے کی ایک قسم’ہرمٹ کریپ‘ یا چھوٹے جھینگے، بریٹل اسٹار کی حفاظت میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ وہ بریٹل اسٹار کے زیر سایہ رہتے ہیں اور بہت آہستہ آہستہ حرکت کرتے ہیں تاکہ کہیں غلطی سے بریٹل اسٹار صاحب کے جسم کو نہ چھولیں اور وہ ناراض ہو کر چمکنے نہ لگیں۔ جب بھی کوئی حملہ آور بریٹل اسٹار پر حملہ کرتا ہے، اسٹار روشنی خارج کرنے لگتا ہے اور حملہ آور فرار ہونے میں بہتری سمجھ کر بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔ اس طرح اسٹار کے ساتھ ساتھ اس کے زیر سایہ موجود چھوٹے حیوانات ہرمٹ کریپ، جھینگے وغیرہ کی جان بھی بچ جاتی ہے۔
بریٹل اسٹار کسی بھی ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک طرف تو وہ مچھلیوں کی خوراک بن کر مچھلیاں فراہم کرتے ہیں،دوسری جانب وہ سمندر میں حیوانات کے مرنے اور گلنے سڑنے، نیز بیکار اشیا کے سڑنے سے پیدا ہونے والے کچرے کو کھا پی کر سمندر کو صاف ستھرا بنائے رکھتے ہیں۔ گویا بر یٹل اسٹار قدرت کے محکمہ صفائی سے تعلق رکھتے ہیں۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top