ایک وقت میں ایک کام
اسماعیل میرٹھی
ہے کام کے وقت کام اچھا
اور کھیل کے وقت کھیل زیبا
جب کام کا وقت ہو کرو کام
بھولے سے بھی کھیل کا نہ لو نام
ہاں کھیل کے وقت خوب کھیلو
کوندو پھاندو کہ ڈنڈ پیلو
خوش رہنے کا ہے یہی طریقہ
ہر بات کا سیکھئے سلیقہ
اپنی ہمت سے کام کرنا
مشکل ہو تو چاہیے نہ ڈرنا
جو کچھ ہو سو اپنے دم قدم سے
کیا کام ہے غیر کے کرم سے
مت چھوڑیو کام کو ادھورا
بے کار ہے جو ہوا نہ پورا
ہر وقت میں صرف ایک ہی کام
پا سکتا ہے بہتری سے انجام
جب کام میں کام اور چھیڑا
دونوں میں ہی پڑ گیا بکھیڑا
جو وقت گزر گیا اکارت
افسوس ہوا خزانہ غارت
ہے کام کے وقت کام اچھا
اور کھیل کے وقت کھیل زیبا