بھائی اسماعیل
کلیم چغتائی
…..
یہ ہیں بھائی اسماعیل
بھولے بھالے اور شکیل
صورت بھی اچھی لگتی ہے
سیرت بھی پائی ہے نبیل
گھر والوں کے کاموں میں یہ
بُھولے سے بھی ہوں نہ دخیل
شور مچانا خوب آتا ہے
اس میں ان کا کون عدیل
جب بھی ان کو بھوک ستائے
رونا ہو جاتا ہے طویل
پیٹ کے بھرنے سے پہلے تو
کوئی نہ ہوگی ان سے ڈیل
رہ جاتے ہیں اگر اکیلے
روتے ہیں یہ بالتفصیل
کھیلے کوئی مل کر ان سے
رونا، ہنسی میں ہو تبدیل
بولیں گے اپنی بولی میں
جو ہوتی ہے خوب ثقیل
خود سے بھی کرتے ہیں باتیں
جن میں ہوتی ہے ترتیل
ضد پر جب یہ آ جاتے ہیں
حکم کی ہو فوراً تعمیل
گود میں جب بھی کوئی لے لے
غصہ ہو جائے تحلیل
مشکل الفاظ کے معنی:
نبیل: نیک، ہوشیار، خوب صورت
دخیل: کسی کام کے بیچ میں پڑنے والا
عدیل: برابر،
ثقیل: مشکل
ترتیل: سنبھل کر آہستہ آہستہ بولنا
تحلیل: گھل جانا، حل ہوجانا
Facebook Comments

