حمد
خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رسول خدا نے بتائی یہ بات |
کہ اللہ کی سب سے اعلیٰ ہے ذات |
ہر اک شے ہے اس کی بنائی ہوئی |
ہے دنیا اسی کی بسائی ہوئی |
وہ دیتا ہے روزی بدونیک کو |
یونہی پالتا ہے وہ ہر ایک کو |
اسی نے جہاں سارے پیدا کیے |
مکاں،لامکاں سارے پیدا کیے |
چمن میں کھلاتا ہے غنچے وہی |
اُگاتا ہے پھل پھول پودے وہی |
اسی سے ہیں پربت پہ شادابیاں |
اسی سے ہیں وادی میں رعنائیاں |
زمیں،چاند،سورج،ستارے تمام |
یہ جو کچھ ہے،سب ہے اسی کا نظام |
اسی نے بنائے ہیں انسان و جن |
وہی رات کے بعد لاتا ہے دن |
دلوں کا اجالا اسی کی ہے ذات |
بیاں کیا کرے کوئی اس کی صفات |
اسی نے ہیں بھیجے جہاں میں نبی |
کہ جن سے بشر کو ہدایت ملی |
ہمارے محمد علیہ السلام |
نبی آخری اس کے ہیں لاکلام |
جو رحمت ہیں سارے جہاں کے لیے |
جو زینت ہیں اس گلستاں کے لیے |
Facebook Comments