نکولائی لینن
لینن 22 اپریل 1870 کو سمبرسک کے مقام پر پیدا ہوا۔ اس کا باپ مدرس تھا۔ لینن قزان یونیورسٹی کے مکتب قانون میں داخل ہوا۔ ابھی پہلی ہی جماعت میں تھا کہ طلبہ کی کسی تحریک میں حصہ لینے کی وجہ سے سائبریا میں جلا وطن کردیا گیا۔ 1889 میں جلا وطنی ختم ہوئی اور وہ واپس آگیا۔ اس نے کارل مارکس کی کتابیں بہت غور سے پڑھیں اور آزاد خیال سوچل ڈیموکریٹک جماعت کا لیڈر بن گیا۔ 1891 سے تین سال تک سمارا میں وکالت کرتا رہا اور اس کے بعد سینیٹ پیٹرزبرگ جا کر پروپیگنڈا کے کام میں مصروف ہوگیا۔
لینن نے تین اصول تجویز کیے جن پر عمل کرنے سے انقلاب رونما ہوگیا۔ اصول یہ تھے۔ اول:۔ عوام عارضی طور پر سیاسی آزادی حاصل کرلیں۔ دوم:۔ مزدوروں، سپاہیوں اور کسانوں کی جماعتوں میں انقلابی قوت پیدا کی جائے، سوم:۔ عوام پر ظلم کرنے والوں کے خلاف قوت استعمال کی جائے۔ 1918 میں لینن کو ایک سیاسی مخالف نے زخمی کردیا لیکن وہ بچ گیا۔ اس وقت سوویٹ کی نئی سلطنت کو بہت سی مشکلات درپیش تھیں۔ انقلاب کے مخالفین سخت فساد برپا کررہے تھے اور دوسری سلطنتیں سیاسی طور پر سوویت کی حکومت کو تسلیم نہ کرتی تھیں لیکن لینن نے ان تمام مشکلات پر قابو پالیا۔ 1921 میں وہ بیمار ہوا لیکن اس سے پہلے وہ روس کی سیاسی بنیادوں کو مضبوط کرچکا تھا۔