skip to Main Content

غلام بچے کی مدد

خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔

غلام اک بچہ نہایت غریب
نہ تھا جس کو دو وقت کا کھانا نصیب
بہت اس پہ ڈھاتا تھامالک ستم
ستم اس کے جتنے کہیں،وہ تھے کم
غلام اک دن سخت بیمار تھا
تو مالک نے یہ حکم اس کو دیا
یہ گندم کی بوری اٹھا،پیس ابھی
میں ورنہ ادھیڑوں کا چمڑی تری
وہ بچہ تھا تکلیف میں مبتلا
مگر کام مالک کا کرتا رہا
ہوئی جب ہمارے نبی کو خبر
تو فوراً گئے آپ ظالم کے گھر
وہاں جاکے دیکھا کہ ننھا غلام
ہے رورو کے نمٹا رہا اپنا کام
یہ دیکھا تو پیارے نبی نے کہا
مرے بیٹے!ہرگز نہ غم کر ذرا
تو اٹھ ،تیرا یہ کام کرتے ہیں ہم
مصیبت جو ہے تیری بھرتے ہیں ہم
یہ فرما کے وہ کل جہاں کے امام
بصد شوق کرنے لگے اس کا کام
وہ گندم تمام اس کی خود پیس دی
جو مشکل تھی بھاری ،وہ آسان کی
کہا پھر یہ بچے سے سرکار نے
اگر پھر کبھی کام ایسا ملے
بلالینا مجھ کو،میں آجاؤں گا
تری ہر مصیبت میں کام آؤں گا
یہ سن کرپکارا وہ ننھا غلام
محمدؐ پہ لاکھوں درود اور سلام

 

 

۔۔۔۔۔۔

 

 

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top