غلام بچے کی مدد
خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔
| غلام اک بچہ نہایت غریب |
| نہ تھا جس کو دو وقت کا کھانا نصیب |
| بہت اس پہ ڈھاتا تھامالک ستم |
| ستم اس کے جتنے کہیں،وہ تھے کم |
| غلام اک دن سخت بیمار تھا |
| تو مالک نے یہ حکم اس کو دیا |
| یہ گندم کی بوری اٹھا،پیس ابھی |
| میں ورنہ ادھیڑوں کا چمڑی تری |
| وہ بچہ تھا تکلیف میں مبتلا |
| مگر کام مالک کا کرتا رہا |
| ہوئی جب ہمارے نبی کو خبر |
| تو فوراً گئے آپ ظالم کے گھر |
| وہاں جاکے دیکھا کہ ننھا غلام |
| ہے رورو کے نمٹا رہا اپنا کام |
| یہ دیکھا تو پیارے نبی نے کہا |
| مرے بیٹے!ہرگز نہ غم کر ذرا |
| تو اٹھ ،تیرا یہ کام کرتے ہیں ہم |
| مصیبت جو ہے تیری بھرتے ہیں ہم |
| یہ فرما کے وہ کل جہاں کے امام |
| بصد شوق کرنے لگے اس کا کام |
| وہ گندم تمام اس کی خود پیس دی |
| جو مشکل تھی بھاری ،وہ آسان کی |
| کہا پھر یہ بچے سے سرکار نے |
| اگر پھر کبھی کام ایسا ملے |
| بلالینا مجھ کو،میں آجاؤں گا |
| تری ہر مصیبت میں کام آؤں گا |
| یہ سن کرپکارا وہ ننھا غلام |
| محمدؐ پہ لاکھوں درود اور سلام |
۔۔۔۔۔۔
Facebook Comments

