قائد اعظم محمد علی جناح
محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کے والد پونجا جناح راجکوٹ کے رہنے والے تھے اور کراچی میں چمڑے کا کاروبار کرتے تھے۔ محمد علی جناح ابھی بچے ہی تھے کہ والد نے ان کو بمبئی کے ایک پرائمری اسکول میں داخل کرادیا۔ یعنی بچپن ہی میں انہیں ماں باپ سے الگ رہ کر نڈر اور باہمت بننے کا موقع مل گیا۔ اس کے بعد انہیں کراچی کے اسکول میں داخل کردیا گیا۔ سولہ سال کی عمر میں میٹرک کیا اور انگلستان بیرسٹری کی تعلیم کے لیے بھیج دیے گئے۔ بیس سال کی عمر میں بیرسٹر بن کر واپس آئے۔
سیاسیات میں محمد علی جناح سب سے پہلے ہندوستان کی مجلس قانون ساز کے رکن بنے، پھر مسلم لیگ میں شامل ہوئے ۔اگرچہ جناح مسلم لیگ کے علاوہ کانگریس کے بھی حامی تھے لیکن کچھ مدت بعد ان کو محسوس ہوا کہ ہندوان کی قوم سے انصاف کرنے پر آمادہ نہیں ہیں،چنانچہ انہوں نے علامہ اقبال کے مشورے سے مسلم لیگ کے جھنڈے تلے تمام مسلمانوں کو جمع کیا اور 1940 میں مسلم لیگ کے اجلاس لاہور میں پاکستان قائم کرنے کی قرارداد منظور ہوئی۔ ہندوسان کے مسلمان جوق در جوق قائد اعظم محمد علی جناح کے مطالبہ پاکستان کی حمایت کرنے لگے۔ آخر چند سال بعد 14 اگست 1947 کو پاکستان قائم ہوگیا اور قائد اعظم اس کے پہلے گورنر جنرل مقرر ہوئے۔
سالہا سال کی مسلسل محنت سے قائد اعظم کی صحت بہت خراب ہوچکی تھی۔ وہ بیماری کی حالت میں بھی اپنی بنائی ہوئی نئی مملکت کا کام نہایت محنت سے انجام دے رہے تھے جس کانتیجہ یہ ہوا کہ قیام پاکستان کے صرف تیرہ مہینے بعد 11 ستمبر 1948 کو دنیا کی سب سے بڑی اسلامی سلطنت کے اس معمار نے اپنی جان اپنے پیدا کرنے والے کو سونپ دی لیکن جب تک یہ ملک قائم ہے کروڑوں انسان اپنے اس محسن کی یاد کو سینے سے لگائے رہیں گے۔