skip to Main Content

دنیا و آخرت کی بھلائی

کلیم چغتائی
۔۔۔۔۔

ہمیں اپنی ضرورت کی بہت سی چیزیں حاصل کرنے کے لیے دوسروں کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہدایت فرمائی ہے کہ ہم اپنی ضرورت کی ہر شے اللہ سے مانگیں۔ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: انسان کو اپنی تمام حاجتیں اللہ ہی سے مانگنی چاہیں، یہاں تک کہ اگر جوتی کا تسمہ ٹوٹ جائے تو اللہ ہی سے مانگے اور اگر نمک کی ضرورت ہو تو وہ بھی اسی سے مانگے۔ (ترندی)
اللہ تعالیٰ اس پوری کائنات کے مالک ہیں، وہ اس کا ئنات کے ذرے ذرے اور ہر شے سے پوری طرح واقف اور باخبر ہیں۔ وہ بے انتہار حیم وکریم ہیں۔ جب ہم ہاتھ اٹھا کر دعا کرتے ہیں، وہ توجہ فرماتے ہیں اور دعا قبول فرماتے ہیں۔ پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اتنی بڑی کائنات کے مالک سے دعا مانگنے کے کچھ آداب سکھائے ہیں۔ ان کا خیال رکھنا چاہیے۔
ا۔ دعا گہرے اخلاص اور پاکیزہ نیت سے مانگیے۔
۲۔دعا قبول ہونے کا یقین رکھتے ہوئے دعا کیجیے۔
۳۔دعا انتہائی عاجزی اور مسکینی سے مانگیے۔
۴۔دوسروں کے لیے دعا کرنے سے پہلے، اپنے لیے دعا مانگیے۔
۵۔دعا مانگنے سے پہلے اللہ کی حمد وثناء کیجیے، پھر پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجیں،اس کے بعد دعا مانگیے۔ آخر میں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر پھر درود بھیجیں۔ اس کے بعدآمین کہیے اور پھیلے ہوئے ہاتھ اپنے چہرے پر پھیر لیجیے۔
ہم ہر بار آپ کو ایک قرآنی یا مسنون دعا بتائیں گے۔ آپ کوشش کریں کہ ان دعاؤں کو زبانی یاد کر کے پڑھا کریں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ایک بہت اچھی دعا ہمیں تعلیم فرمائی ہے۔ اس چھوٹی سی دعامیں بہت بڑی بات کو خوبصورتی سے بیان کر دیا گیا ہے۔ دعا ہے:
رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَ فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ
ترجمہ: اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھی بھلائی دے اور آخرت میں بھی بھلائی دے اور آگ کے عذاب سے ہمیں بچا۔
اس دعا میں دنیا اور آخرت کی تمام بھلائیوں کا سوال کر لیا گیا ہے۔ اگر یہ بھلائیاں ہمیں مل جائیں تو ہم کتنے خوش نصیب ہوں گے۔ پھر اس دعا میں آگ یعنی دوزخ کے عذاب سے بچانے کی گزارش بھی کی گئی ہے۔ یقینا وہ لوگ بے حد خوش نصیب ہوں گے جن کو آخرت میں دوزخ کا عذاب نہ دیا جائے گا۔
اس دنیا میں ہماری پوری کوشش یہی ہونی چاہیے کہ ہم ایسے اعمال کریں جن سے خوش ہوکر ہمارا رب ہمیں دنیا میں بھی بھلائیاں عطا فرمائے اور آخرت میں بھی بھلائیوں سے نوازے اور دوزخ کے عذاب سے ہمیں محفوظ رکھے۔ آئیے ہم یہ دعا یاد کریں اور خلوص دل سے اللہ کے حضور عرض کرتے رہا کریں۔
رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃً وَ فِی الْاٰخِرَۃِ حَسَنَۃً وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top