skip to Main Content

سونے کی کلہاڑی

کشور ناہید
۔۔۔۔۔۔

ایک لکڑہارا تھا۔ وہ لکڑیاں بیچ کر اپنا پیٹ پالتا تھا۔ ایک دن لکڑہارے کی کلہاڑی کھوگئی۔ اس کے پاس اتنے پیسے نہ تھے کہ دوسری کلہاڑی خرید لیتا ۔اس نے سارے جنگل میں کلہاڑی ڈھونڈی لیکن کہیں نہ ملی۔ تھک ہار کر وہ رونے لگا۔ اچانک درختوں کے پیچھے سے ایک جن نکلا۔ اس نے کہا۔ ”کیا بات ہے میاں لکڑہارے؟ تم روکیوں رہے ہو؟“
”میری کلہاڑی کھوگئی ہے۔ خدا کے لئے کہیں سے ڈھونڈ کر لاکر دو۔“ لکڑہارے نے کہا۔
جن ایک دم غائب ہوگیا اور تھوڑی دیر بعد ایک سونے کی کلہاڑی لے کر واپس آیا۔ اس نے لکڑہارے سے کہا :
”لو، میں تمہاری کلہاڑی ڈھونڈ لایا ہوں۔“
”یہ میری کلہاڑی نہیں ہے۔ وہ تو لوہے کی تھی۔“ لکڑہارا بولا۔
جن پھر غائب ہوگیا اور اب وہ چاندی کی کلہاڑی لے کر آیا۔ اس نے کہا:
”لو، یہ تمہاری کلہاڑی ہے۔“
”نہیں۔ یہ نہیں ہے۔“ لکڑہارے نے کہا۔
اب جن پھر غائب ہوگیا اور اس دفعہ وہ لوہے کی کلہاڑی لے کر آیا۔ کلہاڑی دیکھتے ہی لکڑہارا خوشی سے چیخا:
”ہاں ہاں، یہی ہے میری کلہاڑی۔ اللہ تیرا شکر ہے۔“
جن بولا، ”تم بہت ایمان دار ہو۔ میں یہ تینوں کلہاڑیاں تمہیں دیتا ہوں۔ یہ تمہارا انعام ہے۔“ لکڑہارے نے کلہاڑیاں لے لیں اور خوشی خوشی گھر چلا گیا۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top