skip to Main Content
ہمارے رسولِ پاک ﷺ دنیا میں تشریف لاتے ہیں

ہمارے رسولِ پاک ﷺ دنیا میں تشریف لاتے ہیں

 

بہارآئی،بہارآئی

طالب ہاشمی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مکہ پر حملہ کرنے والے ابرہہ اور اس کی فوج کر برباد ہوئے پچاس دن گزرے تھے ۔ربیع الاوّل کا مہینہ تھا۔جاڑا ختم ہو چکا تھااور بہار کا موسم شروع ہو چکا تھا۔درختوں کی کونپلیں پھوٹ رہی تھیں کہ ایک دن جب رات کا اندھیرا دور ہو رہاتھا،ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی اور مکہ کے اونچے نیچے پہاڑوں پر صبح کا نور بکھر رہا تھا،بی بی آمنہ کے گھر ہمارے رسول پاک ﷺ پیدا ہوئے۔ننھے حضور ﷺ اس قدر خوب صورت تھے کہ جو دیکھتا تھا دیکھتا ہی رہ جاتا تھا۔دادا عبد المطلب کو جب خبر ملی کہ ان کی بیوہ بہو کو اللہ نے بیٹا دیا ہے تو وہ خوش ہوئے۔دوڑے دوڑے گھر آئے،پوتے کو بیٹے کی نشانی سمجھ کر سینے سے لگالیا اور دیر تک پیار کرتے رہے۔

جس دن ہمارے رسول پاک ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔یہ اپریل ۵۷۱ عیسوی کی بیس تاریخ اور ربیع الاول کے مہینے کی بارہ تاریخ تھی۔یہ پیر کا دن تھا۔بعض کتابوں میں آپ کی پیدائش کی تاریخ اپریل ۵۷۱ ء کی ۲۲یا۲۳اورربیع الاول کی نو(۹)بھی درج ہے۔
ہر طرف نور پھیل گیا

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بہت سی روایتوں میں ہے کہ رسولِ پاک ﷺ کی پیدائش سے پہلے آپ ﷺ کی والدہ بی بی آمنہ نے ایک دفعہ خواب میں دیکھا کہ ان کے اندر سے ایک نور نکلاہے جس سے بہت دور ملک شام کے محلات روشن ہو گئے ہیں۔
بی بی آمنہ کہتی ہیں کہ آپ پیدا ہوئے تو مجھے یوں معلوم ہوا کہ میرے اندر سے ایک نور نکلا ہے جس سے مشرق اور مغرب روشن ہو گئے ہیں۔
رسول پاک ﷺ کے ایک پیارے ساتھی حضرت عثمانؓ بن ابی عاص کی ماں جو آپ ﷺ کی پیدائش کے وقت بی بی آمنہ کے پاس موجود تھیں کہتی ہیں کہ آپ ﷺ جب دنیا میں تشریف لائے تو جس طرف نظر جاتی تھی نور نور ہی نظر آتا تھا۔
پیدائش کے وقت دایہ کی خدمت رسول پاک ﷺ کے ایک پیارے ساتھی حضرت عبد الرحمنؓ بن عوف کی والدہ حضرت شِفاءؓ بنت عوف نے انجام دی۔یہ خاتون قبیلہ بنو زہرہ سے تعلق رکھتی تھیں۔
عقیقہ اور پاک نام

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیدائش کے ساتویں دن جناب عبد المطلب نے پیارے پوتے کا عقیقہ کیا اور قریش کے لوگوں کو کھانے پر بلایا۔ان کے پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے پوتے کا نام ’’محمد‘‘رکھاہے۔میری آرزو ہے کہ آسمان پر اللہ اور زمین پر اللہ کی مخلوق اس کی تعریف کرے۔
محمد کی معنی ہیں جس کی بار بار (بہت زیادہ)تعریف کی جائے یا جس میں تمام خوبیاں اور بھلائیاں پائی جائیں۔
آپ ﷺ کا ایک نام احمد بھی ہے جس کا مطلب ہے اللہ کی بہت زیادہ تعریف کرنے والا۔کہاجا تاہے کہ یہ نام آپ ﷺ کی والدہ نے خواب میں اشارہ پا کر رکھا تھا۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top