غلام بچے کی مدد
خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔
غلام اک بچہ نہایت غریب |
نہ تھا جس کو دو وقت کا کھانا نصیب |
بہت اس پہ ڈھاتا تھامالک ستم |
ستم اس کے جتنے کہیں،وہ تھے کم |
غلام اک دن سخت بیمار تھا |
تو مالک نے یہ حکم اس کو دیا |
یہ گندم کی بوری اٹھا،پیس ابھی |
میں ورنہ ادھیڑوں کا چمڑی تری |
وہ بچہ تھا تکلیف میں مبتلا |
مگر کام مالک کا کرتا رہا |
ہوئی جب ہمارے نبی کو خبر |
تو فوراً گئے آپ ظالم کے گھر |
وہاں جاکے دیکھا کہ ننھا غلام |
ہے رورو کے نمٹا رہا اپنا کام |
یہ دیکھا تو پیارے نبی نے کہا |
مرے بیٹے!ہرگز نہ غم کر ذرا |
تو اٹھ ،تیرا یہ کام کرتے ہیں ہم |
مصیبت جو ہے تیری بھرتے ہیں ہم |
یہ فرما کے وہ کل جہاں کے امام |
بصد شوق کرنے لگے اس کا کام |
وہ گندم تمام اس کی خود پیس دی |
جو مشکل تھی بھاری ،وہ آسان کی |
کہا پھر یہ بچے سے سرکار نے |
اگر پھر کبھی کام ایسا ملے |
بلالینا مجھ کو،میں آجاؤں گا |
تری ہر مصیبت میں کام آؤں گا |
یہ سن کرپکارا وہ ننھا غلام |
محمدؐ پہ لاکھوں درود اور سلام |
۔۔۔۔۔۔
Facebook Comments