skip to Main Content

۲۰ ۔ مکتوبات

محمد حمید شاہد

۔۔۔۔۔۔

اِنَّآ اَرْسَلْنٰکَ شَاہِدًا وَ مُبَشِّرًا وَّ نَذِیْرًا
(اے محمدؐ)ہم نے تم کو شہادت دینے والا،بشارت دینے والا اور خبر دار کرنے والا بنا کر بھیجا۔
(الفتح۔۸)

مکاتیب
شاہان سلطنت اور والیانِ ریاست کے نام محمدؐ(صلی اللہ علیہ وسلم)کے مکاتیب۱؂۔
مکتوب الیہ قاصد نبویؐ
شاہان سلطنت کے نام
۱۔ شہنشاہ حبش نجاشی اصحم بن ابجر جعفرطیارؓ،عمرو بن امیہ
۲۔ حاکم مصر مقوقس حاطبؓ بن ابی طتعہ
۳۔شہنشاہ ایران کسریٰ خسرو پرویز عبداؓللہ بن خذافہ
۴۔ قیصرِ روم ہرقل دحیہؓبن خَیفہ کلبی
والیانِ ریاست کے نام
۱۔والی یمامہ ہوزۃ بن علی سلیطؓ بن عمرو
۲۔والی بحرین مندز بن ساویٰ برادر بنو عبد القیس علاؓء بن الحضرمی
۳۔والی عمان جیفر بن جلندی ابن عامر عمرو بن العاص
۴۔والی دمشق حارث بن ابی شمر غسانی شجاع بن وہبؓ اسدی
ان کے علاوہ پا پائے روم،شاہان ضمیر اور یہود خیبر کے نام بھی خطوط لکھے گئے تھے۔مختلف با اثر لوگوں کو لکھے جانے والے خطوط کی تعداد دو اڑھائی سو سے کم نہ ہوگی۱؂۔
نجاشی کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
’’محمدؐرسولؐ اللہ کی جانب سے نجاشی اصحم بادشاہ حبش کے نام۲؂۔
تم سلامت رہو۔خدا کی حمدو تعریف تمھیں لکھتا ہوں جس کے سوا کوئی معبود نہیں جو بادشاہ،مقدس سلامتی والا امان دہندہ اور سلامت رکھنے والا ہے۔
میں اقرار کرتا ہوں کہ مریم کے بیٹے عیسیٰ روح اللہ اور کلمتہ اللہ ہیں،جن کو پاک مریم بتول کی طرف ڈالا گیا،جو برائی سے محفوظ تھیں۔اللہ نے ان (عیسیٰ)کو اپنی روح اور پھونک سے اس طرح پیدا کیا جس طرح اس نے آدم ؑ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا تھا۔
میں تم کو اسی خدائے وحدہٗ لاشریک کی طرف دعوت دیتا ہوں تم میری اتباع کرو کیونکہ میں اللہ کا رسولؐ ہوں میں تم کو اور تمھارے لشکروں کو خدائے عزوجل کی طرف بلاتا ہوں۔میں نے اللہ کا پیغام خلوص کے ساتھ پہنچا دینے میں تمھاری خیر خواہی کی ہے۔میری ہمدرد دانہ نصیحت کو قبول کرنا تمھارا کام ہے۔میں تمھاری رعایا کو بھی یہی دعوت دیتا ہوں اس پر سلامتی جو راہ راست پر چلے۱؂۔‘‘
محمد رسول اللہ
ہر قل کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐ کی جانب سے،جو خدا کا بندہ اور رسولؐ ہے۔ہر قل سردارروم کے نام۱؂۔
’’سلامتی ہے اس کے لیے جس نے ہدایت کی پیروی کی۔بعد ازاں میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں۔اسلام قبول کر لو۔تمام آفات سے تم محفوظ رہو گے اور اللہ تعالیٰ تمھیں دوہرا اجر عطا کرے گا اگر تم نے رو گردانی کی تو تم پر واضع رہناچاہیے۔کہ تمھاری رعیت کا وبال بھی تمھارے ہی اوپر رہے گا۔اور اہل کتاب آؤ ایسی بات پر جمع ہو جاؤ جو تمھارے اور ہمارے درمیان یکساں طور پر تسلیم شدہ ہے۔اور وہ یہ کہ ہم سب اللہ کے سواکسی اور کی عبادت نہ کریں۔اور نہ کسی کو اس کا شریک ٹھہرائیں اور نہ ہم اللہ کے سوا ایک دوسرے کو اپنا رب قرار دیں اور اگر وہ رجوع کریں تو کہہ دو!تم گواہ رہو کہ ہم تو مسلمان ہیں۱؂۔‘‘
محمدؐ رسول اللہ

والی روم کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐرسول اللہ کی جانب سے والی روم کے نام ۱؂۔
میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں اگر تم اسلام قبول کر لو تو تمھارے حقوق بھی مسلمانوں کے سے ہوں گے اور فرائض بھی اور اگر اسلام میں داخل ہونا نہ چا ہو تو پھر جزیہ ادا کرو(ہمیں ) اللہ کا حکم ہے۔کہ ’’ جو لوگ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان نہ لائیں۔اور جس کو اللہ اور اس کے رسولؐ نے حرام ٹھہرایا ہے۔اسے حرام نہ ٹھہرئیں اور خاص طور سے اہل کتاب جو دین حق کا حق ادا نہ کریں،تو ان سے لڑو یہاں تک کہ وہ جزیہ دینے پر آمادہ ہو جائیں اور چھوٹے بن کر رہیں۔‘‘
اگر تم کو یہ منظور نہیں ہے تو کم از کم ماتحت (عرب قبائل) رعیت اور اسلام کے درمیان اس امر میں حائل نہ ہو کہ وہ اسلام قبول کر لیں یا جزیہ ادا کریں۔
محمدؐرسول اللہ
شاہ فارس کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐ رسول اللہ کی طرف سے کسریٰ شاہ فارس کے نام ۲؂۔
جو ہدایت کی پیروی کرے اللہ پر اور اس کے رسولؐ پر ایمان لائے۔اس پر سلام ہے۔میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔وہ یکتا ہے لا شریک ہے۔اور محمدؐ اس کا بندہ اور رسول ہے۔اللہ نے مجھے تمام دنیا کے لیے رسولؐ بنا کر بھیجا ہے۔تاکہ ہر زندہ انسان کو آگاہ کر دوں اور خدا کا خوف دلاؤں۔تم بھی اسلام قبول کر لو اور سلامتی کو پا لو اگر تم نے انکار کیا تو تمام مجوسی قوم (کی گمراہی)کا وبال تمھارے سر ہو گا۔
محمدؐرسول اللہ
مقوقس مصر کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
اللہ کے بندے اور رسول محمدؐ کی طرف سے عظیم القبط مقوقس ۱؂مصر کے نام
سلامتی ہو اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے میں تمھیں اسلام کی دعوت دیتا ہوں اگر تم نے اسے قبول کر لیا۔تو تم بھی سلامت رہو گے اور اللہ تعالیٰ اس کا دوگنا اجر ارزانی فرمائے گااور اگر انکار کیا تو سارے اہل قبط کے گناہ (کا وبال) تمھارے سر ہو گا۔
اے اہل کتاب اس بات کی طرف آ جاؤجو ہم تم دونوں کے لیے یکساں تسلیم شدہ ہے۔اور وہ یہ ہے۔کہ ہم اللہ کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کریں۔اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں۔اور نہ ہم میں سے کوئی انسان دوسرے انسان سے ایسا بر تاؤ کرے گویا خدا کو چھوڑ کر اسے اپنا رب بنا لیا ہے۔پھر وہ رو گردانی کریں تو آگاہ کیا جاتا ہے۔کہ ہم تو بہر حال خدا کے ماننے والے ہیں(اور اس کی یکتائی کا عقیدہ رکھنے والے ہیں۔)
محمدؐرسول اللہ

حارث وغیرہ کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐ رسول اللہ کی جانب سے حارث وغیرہ کے نام ۱؂۔
آپ لوگوں پر اس وقت تک سلامتی ہے۔جب تک آپ اللہ اور اس کے رسول ؐپرایمان رکھیں بے شک اللہ وہ ذات ہے۔جو یکتا ہے۔جس کا کوئی شریک نہیں۔اس نے موسیٰ کو معجزے دے کر بھیجا عیسیٰ کو اپنے کلمے سے پیدا کیا۔مگر یہود کہتے ہیں عزیر خد اکے بیٹے ہیں۔اور نصرانی کہتے ہیں عیسیٰ خدا کے بیٹے ہیں۔ اور تین میں سے ایک ہیں۔
محمد ؐرسول اللہ
بحرین کے حکمران کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐرسول اللہ کی جانب سے منذر بن ساویٰ کے نام۱؂۔
سلامتی ہو اس پر جس نے ہدایت کی پیروی کی۔بعد ازاں یہ تمھیں اسلام کی دعوت دیتا ہوں تم اسلام قبول کر لو تو سلامت رہو گے اور جو کچھ تمھارے ماتحت ہے۔اس کو اللہ تمھارے سپرد کر دے گا۔اور جان لو کہ میرا دین عنقریب اس انتہا تک غالب آ جائے گا جہاں تک گھوڑے اور اونٹ پہنچ سکے ہیں۔
منذر کے نام دوسرا خط
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمد رسول اللہ کی جانب سے منذر بن ساویٰ کے نام۲؂
تم پر اللہ کی سلامتی ہو میں اس خدا کی حمد کرتا ہوں جو یکتا ہے۔اور جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔میں خدا کی وحد انیت کی شہادت دیتا ہوں اور یہ کہ میں اللہ کا رسول ؐہوں۔بعد ازاں میں تم کو اللہ عزوجل کی یاد دلاتا ہوں۔جو نصیحت قبول کرتا ہے۔وہ اپنے ہی آپ کو فائدہ پہنچاتا ہے۔اور جو شخص میرے قاصدوں کی اطاعت اور ان کی ہدایت پر عمل کرے گا اس نے حقیقت میں میری اطاعت کی۔اور جس نے اس کے ساتھ نیکی کی اس نے میرے ساتھ نیکی کی۔ میرے قاصدں نے تمھارے طرز عمل کی بہت تعریف کی ہے۔اور تم نے جو اپنی قوم کی سفارش کی ہے۔وہ منظور ہے۔پس مسلمانوں کے اس مال کو چھوڑدو جس کے ساتھ وہ ایمان لائے میں قصور واروں کو معاف کرتا ہوں پس تم بھی ان سے در گزر کرو تم جب تک صالح رہو گے تمھارے منصب پر تمھیں ہم الگ نہ کریں گے اور جو شخص یہود یت یا مجوسیت پر قائم رہنا چاہے،اس پر جزیہ واجب ہے۔
محمدؐرسول اللہ
منذر کے نام تیسرا خط
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐرسول اللہ کی جانب سے منذر بن ساویٰ کے نام ۱؂
سلام اللہ علیک
’’میں اللہ کی حمد بیان کرتا ہوں کہ اس کے سوا کوئی اور الہٰ نہیں۔اما بعد تمھارا خط میرے پاس آیا میں نے اس کے مضمون کو سنا پس جو ہماری نماز پڑھے،اور ہمارے قبلہ کی طرف رخ کرے اور ہمارا ذبیح کھائے وہی مسلمان ہے۔اس کے حقوق وہی ہیں جو ہمارے ہیں اس پر فرائض وہی ہیں جو ہم پر ہیں اور جوایسا نہ کرے اس پر معافری کی قیمت والاایک دینار (سالانہ جزیہ ) ہے۔ والسلام ورحمتہ اللّٰہ یغفر اللّٰہ لک‘‘
محمدؐرسول اللہ
شیوخ عمان کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمد رسول اللہ کی جانب سے جلندی کے بیٹوں جیفر اور عبد کے نام ۱؂
اس شخص پر سلامتی ہو جس نے ہدایت کی اتباع کی۔امابعد میں تم کو اسلام کی دعوت دیتا ہوں تم اسلام کو قبول کر لو اس میں سلامتی ہے۔واضح ہو کہ میں تمام انسانوں کی طرف اللہ کا رسول ہوں تا کہ خدا کے نافرمان) بندوں کو ڈراؤں۔اور انکار کرنے والوں پر خدا کی حجت پوری ہو جائے۔اگر تم دونوں نے اسلام قبول کر لیا۔تو تمھارا ملک تمھارے پاس ہی رہے گا۔اور اگر تم نے انکار کیا تو سمجھ لو کہ تمھاری حکومت مٹ جانے والی ہے۔اور میری فوج تمھارے میدان میں داخل ہو جائے گی۔اور تمھارے ملک پر میری نبوت عیاں ہو جائے گی۔
محمدؐ رسول اللہ
شاہ د مشق کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
محمدؐرسول اللہ کی جانب سے حارث بن ابی شمر کے نام۲؂
سلام ہو اس پر جو راہ راست کی پیروی کرے اللہ پر ایمان لائے اور سچا جانے۔ میں آپ کو اس بات کی دعوت دیتا ہوں کہ ایک خدا پر ایمان لائیں جس کا کوئی شریک نہیں آپ کا ملک آپ کے پاس رہے گا۔
محمدؐرسول اللہ
پا پا ئے روم کے نام
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
’’سلام اس پر جو خدا پر ایمان لائے۱؂
’’میں اس عقیدے پر ہوں کہ عیسیٰ ابن مریم۔اللہ کی روح اور اس کا حکم ہیں۔ خدا نے ان کو پاک دامن مریم پر القاء کیا۔میں اللہ پر اور اس کے احکام پر ایمان رکھتا ہوں جو مجھ پر نازل ہوئے اور جو ابراہیم ؑ واسماعیل ؑ واسحق ؑ اور یعقوب ؑ اور ان کی آل پر اتاری گئیں۔اور اسی طرح ان پر بھی میرا ایمان ہے جو موسیٰ ؑ ،عیسیٰ ؑ اور دیگر انبیاء کو ان کے رب کی جانب سے دی گئی ہیں،ہم ایمان و اعتقاد میں کسی نبی کے تسلیم کرنے میں باہمی فرق نہیں کرتے۔ہم مسلم(تسلیم کرنے والے)ہیں۔سلام اس پر جو ہدایت کی پیروی کرے۔
محمدؐرسول اللہ

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top