skip to Main Content

پاکستانی گدھے

مستنصرحسین تارڑ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جیسا کہ میں نے اپنے تھیسس میں عرض کیا ہے کہ یہ گدھوں سے بے جا لاڈ پیار کرنے کا قدرتی نتیجہ ہے کہ وہ ملک کے مختلف اداروں پر قابض ہورہے ہیں۔
دنیا میں بہت سے ایسے ملک ہیں جہاں گدھوں سے محبت نہیں کی جاتی اور ان میں چین بھی شامل ہے۔
اب ہم چونکہ پاکستان میں گدھے نہیں کھاتے، اس لئے یہاں کے گدھے نڈر ہوگئے ہیں۔۔۔ انہیں ہم سے اپنی جان کا کوئی خطرہ نہیں، اس لئے وہ جو جی میں آئے کرتے ہیں۔۔۔ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ہم زیادہ خرمستیاں کریں گے تو یہ ہماری گدھا کڑاہی بنا کر کھا جائیں گے اور ہمارے سری پایوں سے صبح کا ناشتہ کریں گے تو چین کے گدھوں کی مانند نہایت شریفانہ زندگی بسر کرتے اور کبھی اتنے فری نہ ہوتے کہ ہمارے تعلیمی اداروں پر قبضہ جما لیتے۔۔۔
ویسے مجھے شک ہے کہ پاکستان میں ضلع صوابی کا وہ اسکول ہی واحد جگہ نہیں جہاں گدھوں نے قبضہ کرلیا ہے، دیگر اداروں کی بھی چیکنگ ہونی چاہئے۔۔۔ یہ عین ممکن ہے کہ وہاں بھی ایک عرصے سے گدھے ہی متمکن ہوں اور ہم انہیں انسان سمجھتے رہے ہیں۔
ویسے میں یہ ذاتی تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ دنیا بھر میں پاکستانی گدھے سب سے حسین ہوتے ہیں۔۔۔ یورپی گدھے تو نہایت مرجھائے ہوئے اور جذبات سے عاری گدھے ہوتے ہیں۔۔۔ ساحل سمندر پر بچے اور لیڈیز ان پر سواری کرتے ہیں اور وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے کہ کسی ادارے پر قابض ہوجائیں۔۔۔ یہ رتبہ بلند صرف پاکستانی گدھوں کو ملتا ہے۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top