skip to Main Content

ننھی لڑکیوں کو نصیحتیں

تحریر: Advice to little girls

مصنف: Mark Twain

ترجمہ: گل رعنا

۔۔۔۔۔۔۔

نوٹ: مارک ٹوئن کے اس شاہ کار فکاہیے کو سنجیدگی و رنجیدگی سے پڑھنے سے گریز کیا جائے نیز ان نصیحتوں پر عمل کرنے سے جو نتائج برآمد ہوں گے ان کی ذمہ داری مترجم پر عائد نہیں ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔

۱۔پیاری بچیو! تمھیں اپنے اساتذہ کے ادنیٰ جرائم معاف کر دینے چاہیے۔ ان کے کارٹون صرف مخصوص سنگین واقعات پیش آنے کی صورت میں بنایا کرو۔
۲۔ اگر تمھارے پاس کھیلنے کے لیے صرف بُھس بھری گڑیا ہے جبکہ تمھاری کسی خوش قسمت سہیلی کے پاس قیمتی چینی گڑیا ہے تو اس تلخ حقیقت کے باوجود تمھیں اپنی سہیلی سے اچھا سلوک کرنا چاہیے۔ تمھیں بزور طاقت اپنی گڑیا کو اس کی گڑیا سے تبدیل نہیں کرنا چاہیے، جب تک کہ تمھارا ضمیر اس بات کے لیے راضی نہیں ہو اور تمھیں اس بات کا یقین ہو کہ تم اپنی سہیلی سے زیادہ طاقت ور ہو۔
۳۔ اپنے چھوٹے بھائی سے کبھی بھی زبردستی چیونگم نہ چھینو۔ یہ چیونگم تم اپنے بھائی سے اس وعدے پر حاصل کرسکتی ہو کہ جب بھی تمھیں دریا میں دو سو روپے تیرتے ہوئے ملیں گے، تم اس میں سے سو روپے اپنے بھائی کو دے دوگی، اپنے بھول پن میں وہ اسے بالکل جائز سودا سمجھے گا۔ دنیا بھر میں آج تک اس خوش نما جھوٹ کے باعث بہت سے بے وقوف بچے معاشی تباہی و بربادی کا سامان کرچکے ہیں۔
۴۔ اچھی بچیو! اگر تم کسی وقت اپنے بھائی کی اصلاح کرنا چاہو تو کبھی بھی اس کے اوپر کیچڑ نہ پھینکو، اس سے اس کے کپڑے خراب ہوجائیں گے۔ زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ تم اس کے اوپر تھوڑا سا کھولتا ہوا پانی پھینک دو۔ اس سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوجائیں گے۔ ایک طرف تم اس کو سبق سکھا دوگی اور دوسری طرف گرم پانی اس کی روح اور کھال کی تمام کثافت دور کردے گا اور جلنے کے نشانات ہمیشہ کے لیے اس کے سبق کو کافی ہوجائیں گے۔
۵۔ اگر تمھاری امی تمھیں کوئی کام کرنے کو کہیں تو فوراً یہ جواب دینا غلط ہے کہ تم نہیں کرو گی۔ زیادہ بہتر یہ ہے کہ تم اُنھیں ٹال دو اور بعد میں اپنے دل اور ضمیر کے فیصلے کے مطابق عمل کرو۔
۶۔ تمھیں ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ تم اپنے والدین کی مقروض ہو۔ وہ لوگ تمھیں کھانا کھلاتے ہیں اور جب تم بیماری کا بہانہ بناتی ہو تو وہی ہیں جو تمھاری اسکول سے چھٹی کروا دیتے ہیں لہٰذا جب تک وہ بلا وجہ ڈانٹ ڈپٹ نہیں کریں، تمھیں ان کے معمولی متعصبانہ رویوں کو نظر انداز کرنا چاہیے۔
۷۔ اچھی لڑکیاں ہمیشہ بزرگوں کا احترام کرتی ہیں۔ آپ کو کبھی بھی اپنے بزرگوں سے گستاخی نہیں کرنی چاہیے جب کہ وہ اس میں پہل نہیں کریں۔
٭….٭

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top