skip to Main Content

محنت میں برکت ہے

خواجہ عابد نظامی
۔۔۔۔۔۔۔

نبی مکرم دلوں کا قرار
درودوسلام ان پہ ہوں بے شمار
ہمارے نبی کا ہے یہ واقعہ
غریب ان کے پاس ایک حاضر ہوا
کہا:اے نبی!اے خدا کے حبیب
میں مفلس ہوں،نادارہوں اور غریب
مصیبت کا،غربت کا مارا ہوں میں
کرم کیجیے،بے سہارا ہوں میں
مرے چھوٹے بچے ہیں،بیوی بھی ہے
مگر کچھ نہیں گھر میں کھانے کی شے
مرے حال پر رحم فرمایئے
خزانے سے کچھ مال دلوائیے
نبی یہ نے فرمایا:اے خوش خصال
مناسب نہیں پھیلے دست سوال
کرے اپنے ہاتھوں سے گرکام کاج
یقین ہے خدا تیری رکھے گا لاج
کوئی چیز تو ہوگی گھر میں ترے
تو جا،اوروہ پاس لے آ مرے
کہا:اک پیالہ ہے،اور اک دری
مرے پاس سامان ہے بس یہی
کہا:لاؤ یہ دونوں چیزیں یہاں
خدا اپنے بندوں پہ ہے مہرباں
یہ سن کر اسی وقت وہ گھر گیا
پیالہ ،دری لے کے حاضر ہوا
نبی نے یہ فرمایا اصحاب سے
یہ چیزیں کوئی نیک دل مول لے
اس اعلان پر اک صحابی اٹھے
خوشی سے اسے چند درہم دیے
بہت خوش ہوئے اس پہ پیارے رسول
یہ سائل سے فرمایا کرلو قبول
کلہاڑی ابھی لاؤ بازار سے
بچو گے غریبی کے آزار سے
کلہاڑی وہ لے کر جو حاضر ہوا
تو سرکار نے اس میں دستہ جڑا
کلہاڑے اسے دے کے اس سے کہا
نہ محنت سے اب جی چرانا ذرا
اٹھو، نام حق لے کے جنگل میں جاؤ
وہاں لکڑیاں کاٹو،روزی کماؤ
یہ سمجھو اسی میں تمہاری ہے شان
خدا تم پہ ہوگا بہت مہربان
وہ دس روز کے بعد حاضر ہوا
کہا:مجھ پہ ہے فضل رب کا بڑا
جو مجھ پر تھے سختی کے دن کٹ گئے
بہت خوش ہیں اب بیوی بچے مرے
یہ سن کر ہوئے خوش رسول خدا
کہا:تیری محنت کا ہے یہ صلہ
جو دنیا میں محنت کواپنائے گا
خدا مہرباں اس پہ ہوجائے گا
وہ بولا ہے سچے کا سچا کلام
محمدؐ پہ لاکھوں دروداورسلام

 

 

 

 

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top