skip to Main Content

عصمت چغتائی

عصمت چغتائی اردو ادب کی ایک معروف مصنفہ،جنہوں نے افسانہ نگاری،ناول نگاری اور خاکہ نگاری میں بہت نام کمایا۔آپ اترپردیش کے شہر بدایوں میں21 اگست 1915 ءمیں پیدا ہوئیں اور جودھ پور میں پلی بڑھیں۔عصمت چغتائی نے یوپی کے متوسط مسلم گھرانے میں آنکھ کھولی ،انہوں نے عملی زندگی کا آغاز ایک اسکول میں پڑھانے سے کیا۔
جب قلم اٹھایا تو متوسط درجے کے گھرانوں کی عورتوں کو اپنا موضوع بنایا۔آپ ایسے گھرانوں کی عورتوں کے جذبات و احساسات کو خوب جانتی تھیں۔عصمت نے پردے میں مستور اور گھر کے آنگن میں محصور عورتوں کے جذبات اور تمناؤں کو اس طرح اپنے افسانوں میں پیش کیا کہ متوسط طبقے کی عورتیں زندہ عورتوں کی صورت پڑھنے والوں کے سامنے آتی ہیں۔ان کے افسانوں کی زبان چلبلی سی ہے جو قارئین پر اپنا اچھا تاثر قائم کرتی ہے۔
عصمت نے زندگی کا گہرا مطالعہ کیا تھا اس لئے ان کے افسانوں کے کردار سچے اور کھرے نظر آتے ہیں۔
عصمت کی اہم تصانیف کلیاں،چوٹیں، چھوٹی موٹی، دل کی دنیا،ٹیڑھی لکیر، سودائی، معصومہ،خوشبو کا دن ہیں۔
عصمت چغتائی نے بچوں کے لئے بھی بہت سی کہانیاں لکھی ہیں۔ان کی بچوں کے لیے لکھی گئی کہانیوں میں، میٹھے جوتے،کام چور، روٹی کی بارات، جو یوں ہوتا تو کیا ہوتا، سوت کا ریشم اور ایک ناول ’’تین اناڑی‘‘ اہم ہیں۔اردو ادب کی یہ عظیم ادیبہ 24 اکتوبر 1991 کو ممبئی میں انتقال کر گئیں۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top