skip to Main Content
آشیانہ

آشیانہ

ظفر شمیم

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحقیقات اور معلومات پر مبنی حیرت انگیز مضمون

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خدا کی بیش بہا نعمتوں میں سے ایک سب سے بڑی نعمت اپنا گھر بھی ہے۔ اللہ نے اس زمین پر بسنے والے تمام حیوانات کو یہ صلاحیت عطا فرمائی ہے کہ وہ اپنی اہلیت کے مطابق اپنا گھر بناسکیں۔ گھر دراصل آرام اور اپنا سر چھپانے کا قدرتی ذریعہ ہے جو روئے زمین کے تمام جانوروں کی اہم ضرورت ہے۔ تحقیقات کے مطابق اپنا گھر بنانے میں سب سے زیادہ محنت پرندوں کو کرنی پڑتی ہے۔ ایک ایک تنکا چن کر لانا اور پھر اسے بڑی مہارت سے گھونسلے کی شکل دینا پرندوں کی انتھک محنت کا آنکھوں دیکھا ثبوت ہے۔
افریقہ کے جنگلوں کی ویور برڈ (Weaver Bird) چڑی ایک ماہ میں ایک ہی درخت پر ایک ہزار سے زائد گھونسلے بنا ڈالتی ہے۔ اتنے زیادہ گھونسلے بنانے کی اصل وجہ شکاریوں کو دھوکہ دینا ہے۔ اتنے زیادہ گھروں میں سے صرف ایک آشیانہ اصلی ہوتا ہے۔ سانپ اور چھپکلی جیسے گھاٹک شکاری اصلی گھونسلہ ڈھونڈتے ہی رہتے ہیں۔
امریکن رابن (American Robin) چڑیا تنکوں سے بنائے گئے پیالہ نما گھونسلے کو مزید مضبوط کرنے کے لئے بڑی مہارت سے اس پر مٹی لیپ دیتی ہے۔
گیڈوال بطخ (Gadwall Duck) گھونسلہ بنانے کے بعد اپنے ہی جسم کے نرم ریشے والے پر توڑ کر اس کی تہہ میں بچھا دیتی ہے جو سرد موسم میں اس کے بچوں کے لئے نرم و گرم بستر کا کام سرانجام دیتے ہیں۔
گولڈ فنچ (Gold Finch) دنیا کا واحد پرندہ ہے جس میں مادہ نہیں، بلکہ صرف نر گھونسلہ بناتا ہے۔ افزائش نسل کے زمانے میں مادائیں ڈالیوں پر آکر بیٹھ جاتی ہیں اور نر گھونسلے بناتے رہتے ہیں۔ مادائیں یہ ساری کارروائی دیکھتی رہتی ہیں۔ جس نر نے سب سے اچھا گھر بنایا ہوتا ہے وہ اسی گھونسلے میں جاکر اس کے ساتھ رہنا شروع کردیتی ہے۔
گریٹ ہارن (Great Horne) الو اپنا گھونسلہ خود نہیں بناتا، بلکہ دوسرے بڑے پرندوں کے بنائے گئے آشیانوں پر اپنی طاقت کے زور پر زبردستی قبضہ کرلیتا ہے۔ ان کی ایک اور نسل ساؤویت (Saw-Whet) الو خشک ڈالیاں چن کر لانے کی زحمت نہیں کرتا، بلکہ اپنے ہی شکار کردہ جانوروں کی ہڈیوں اور بقایاجات کی مدد سے اپنا آشیانہ بناتا ہے۔
گھریلو چڑیا اور بارن (Barn) ابابیل انسانوں کے قریب رہنا پسند کرتی ہیں اسی لئے یہ انسانی گھروں کی کھڑکیوں، چھتوں اور روشن دانوں میں اپنا گھونسلہ بناتی ہیں۔ انسانوں کے آس پاس رہنے سے انہیں غذا کے حصول کے لئے کم جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
پروتھونٹری واربلر (Prothonotary Warbler) چڑیا بعض اوقات جوس اور اچار کے خالی ڈبوں کو بھی اپنا عارضی ٹھکانہ بنا لیتی ہیں۔ دنیا کا سب سے چھوٹا آشیانہ ننھی چڑیا ہمنگ برڈ کی ایک دیدہ زیب نسل کالیوپ (Caliope) کا ہے جو صرف دو انچ تک ہوتا ہے۔
اللہ نے ا نسانوں سمیت دنیا کے سبھی حیوانات کو یہ نعمت عطا کی ہے اور اس کے لئے ہمیں ہمیشہ اس بے مثال ہستی کا شکر گزار رہنا چاہئے۔

Facebook Comments
error: Content is protected !!
Back To Top